موٹر سائیکل چلانیوالے بھی ہوشیار ہوجائیں آج سے بغیر لائسنس گاڑی چلانیوالے جیل جائینگے

November 2, 2015 3:14 pm0 commentsViews: 25

بغیر لائسنس ڈرائیوروں کیخلاف خصوصی مہم شروع ہوگئی‘ کمرشل اور نجی ڈرائیوروں کے چالان نہیں اب انہیں جیل کی ہوا بھی کھانی پڑیگی
ٹیم ایک ایس ایم ایس کے ذریعے لائسنس کی تصدیق کرسکے گی‘ عدم موجودگی یا جعلی ہونے پر جیل بھیج دیا جائیگا‘ شہریوں نے مہم کو رشوت کا فوری ذریعہ قرار دیدیا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ڈی آئی جی ٹریفک نے شہر میں آج سے بغیر لائسنس گاڑی یا موٹر سائیکل چلانیوالوں کے خلاف خصوصی مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا جس کے تحت بغیر لائسنس ڈرائیوروں کو جیل بھیج دیا جائے گا۔ 2 نومبر سے شروع کی جانے والی مہم میں کمرشل اور پبلک گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو جیل بھیجنے کا اعلان کردیا۔ عام شہریوں کے لئے نرم گوشہ رکھتے ہوئے15 یوم کی مہلت دے دی بصورت دیگر جیل جانے کی تنبیہ کی گئی۔ شہریوں کا موقف ہے کہ شہر میں ٹریفک جام اور اہلکاروں کی رشوت خوری عروج پر ہے اور ڈی آئی جی ٹریفک روز ایک قانون لاگو کرنے میں مصروف ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک ڈاکٹر امیر شیخ کی جانب سے جاری کر دہ اعلامیہ میں اعلان کیا گیا کہ 2 نومبر سے شہر بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کی چیکنگ کی مہم شروع کی جا رہی ہے اور پہلے مرحلے میں کمرشل گاڑیوں، پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیوروں کے لائسنس چیک کئے جائیں اور خصوصی ٹٰم ایک ایس ایم ایس کے ذریعے لائسنس کی تصدیق کر سکے گی۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کی عدم موجودگی اور جعلی بر آمد ہونے پر ڈرائیور کو موٹر و ہیکل آرڈیننس 1965 کے تحت دفعہ3.91 کو لاگو کرتے ہوئے جیل بھیج دیا جائے گا، اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بناء لائسنس گاڑی چلانے سے انسانی جان اور مالی نقصان کا خدشہ رہتا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے عام شہریوں کیلئے نرم گوشہ رکھتے ہوئے15 یوم کی مہلت کا اعلان کیا اور اس دوران شہریوں کو لائسنس بنوانے کی ہدایت کی جبکہ مہلت ختم ہونے پر جیل بھیجنے کی تنبیہ بھی کر دی۔

Tags: