شہر میں سب رجسٹرار لینڈ مافیا کے سہولت کار‘ خلاف ضابطہ لیز دینے کا انکشاف

November 2, 2015 3:26 pm0 commentsViews: 53

گلبرگ‘ نارتھ ناظم آباد‘ لیاقت آباد‘ جمشید زون‘ نارتھ کراچی اور گلشن اقبال میں سب زیادہ پلاٹوں پر سب لیز دی گئی
اینٹی کرپشن کا محکمہ نذرانوں کے عوض سب لیز دینے والے رجسٹرارز کے خلاف متحرک‘ رہائشی پلاٹوں کے پورشن خریدنے والوں کی عمر بھر کی کمائی دائو پر لگ گئی
کراچی(سٹی رپورٹر)سب رجسٹرار لینڈمافیا کے سہولت کار نکلے ،شہر قائد کے ہزاروں رہائشی پلاٹوں پر تعمیر کئے گئے پورشن کو خلاف ضابطہ سب لیز کئے جانے کا انکشاف، چائنا کٹنگ سمیت رہائشی پلاٹوں پر غیر قانونی فلیٹ ٹائپ کمرشل تعمیرات کوبھاری نذرانوں کے عوضسب لیز دینے والے رجسٹرار کے خلاف اینٹی کرپشن حرکت میں آگیا، ادارہ ترقیات کراچی کے افسران نے مذکورہ سب لیز کو غیر قانونی اورسنگین کرپشن قرار دیدیا،رہائشی پلاٹوں پر تعمیر پورشن اور فلیٹس خریدنے والے شہریوں کی عمر بھر کی کمائی دائو پر لگ گئی،گلبرگ،نارتھ ناظم آباد،لیاقت آباد،جمشید زون،نارتھ کراچی زون اورگلشن اقبال زون میں سب سے زیادہ پلاٹوں پر سب لیز دی گئیں،تفصیلات کے مطابق کراچی کے رہائشی علاقوں پر ایس بی سی اے افسران ،لینڈ مافیا اور ٹھیکیدار مافیا کی مبینہ ملی بھگت سے کی جانے والی کمرشل اور غیر قانونی تعمیرات سے جہاں حکومتی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہا ہے تودوسری طرف رہائشی علاقوں کا انفرا اسٹرکچر بھی تباہ ہوکر رہ گیا ہے،مذکورہ غیر قانونی تعمیرات میں ایس بی سی اے افسران کے ساتھ ساتھ سب رجسٹرار بھی مبینہ طور ملوث ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ رہائشی پلاٹ پر ایک سے زائد افراد کی لیز خلاف ضابطہ ہے تاہم اس کے باوجود سب رجسٹرار نے 80 اور 120گز کے رہائشی پلاٹوں پر G+4تک تعمیر کئے جانے والے پورشن فلیٹس جن میں8سے10فلیٹس بنادیئے ہیں انہیں سب لیز جاری کردی ہیں جس کے عوض کروڑوں روپے کی مبینہ طور پر لوٹ مار کی گئی ہے۔ شہری حلقوں نے رہائشی علاقوں کے انفرااسٹرکچر تباہ کرنے میں ایس بی سی اے افسران کے ساتھ ساتھ سب رجسٹرار کو بھی ملوث قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اربوں روپے کی لوٹ مار کرنے والے مذکورہ افسران کے خلاف کارروائی اور لوٹی گئی رقم وصول کر کے شہر کے انفرا اسٹرکچر کی درستگی پر خرچ کی جائے۔

Tags: