جمشید کوارٹر، حلیم پکانے والے پی پی کارکن کو گولیاں مار دی گئیں ۔ دیگر حادثات و واقعات میں مزید ہلاک و زخمی

November 2, 2015 3:32 pm0 commentsViews: 30

مسلح موٹر سائیکل سواروں نے نماز فجر کے وقت50 سالہ رانا عامر کو گولیاں مار دیں اور فرار ہو گئے
مضروب اپنے گھر کے قریب حلیم پکانے میں مصروف تھا، اسپتال میں حالت تشویشناک
کراچی(کرائم رپورٹر)جمشید کوارٹر حیدرآباد کالونی میں حلیم پکانے والے پی پی کے سینئر کارکن کودو نامعلون ملزمان نے گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹر کے علاقے حیدرآباد کالونی میں نماز فجر کے دوران موٹرسائیکل سوار دو نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پی پی کا سینئر کارکن 50 سالہ رانا عامر ولد شوکت علی شدیدزخمی ہوگیا اور ملزمان فرار ہوگئے،مضروب کی نجی اسپتال میں حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے،ایس ایچ او اخلاق احمد کے مطابق مضروب اپنے گھر کے پاس حلیم پکانے میں مصروف تھا کہ اس دوران دو لڑکے موٹرسائیکل پر آئے اور انہوں نے صرف رانا عامر کو تمام لڑکوں سے الگ کرکے بات چیت شروع کی اوراس دوران انہوں نے پیٹ میں دو گولیاں مار کر اسے زخمی کیا اور فرار ہوگئے،تاہم پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج نہیں کیا،اس حوالے سے پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔

آج صبح ‘سائٹ اور ملیر میں ٹریفک
حادثات میں2 افراد ہلاک
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے سائٹ اور ملیر میں ٹریفک حادثہ‘2 افراد جاں بحق‘ تفصیلات کے مطابق آج صبح سائٹ کے علاقے غنی چورنگی کے قریب نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے راہ گیر 30 سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہوگیاجس کی اطلاع پولیس اور امدادی ٹیموں کو دی گئی‘ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کیلئے ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا‘ پولیس نے بتایا کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہونے میں باآسانی کامیاب ہوگیا‘ متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی ‘ ادھر ملیر ہالٹ ملوک ہوٹل کے قریب سڑک عبور کرتے ہوئے نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے 32 سالہ نامعلوم شخص کو کچل کرہلاک کردیا‘ پولیس نے بتایا کہ متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی‘ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور فرار ہوگیا۔

میانوالی کالونی میں فائرنگ
سے نوجوان قتل
کراچی(کرائم رپورٹر)میانوالی کالونی میں 2 ملزمان نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا ۔تفصیلات کے مطابق پیرآباد کے علاقے میانوالی کالونی بھنگی پاڑہ میں دونامعلوم ملزمان نے دوگولیاں مار کر 18سالہ نامعلوم نوجوان کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے ،اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو اسپتال پہنچایا ،ایس ایچ او ایاز بروہی کے مطابق پولیس کو جائے وقوعہ سے30بور پستول کے دو خول اور ایک زندہ گولی ملی ہے جسے فرانزک کیلئے بھیجا جائیگا جبکہ مقتول کے پاس سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی ہے جس کہ مدد سے لاش کی شناخت ہوسکے ،پولیس کے مطابق مقتول نے شلوار قمیض پہن رکھی ہے اور وہ شکل وصورت سے پشتون اسپیکنگ معلوم ہوتا ہے ۔

لیاری‘45 سالہ ہندو نے خودکشی کرلی
کراچی(کرائم رپورٹر) بغدادی کے علاقے لیاری دھوبی گھاٹ گلی نمبر3 میں رہائش پذیر45سالہ ہندوپریم ولد جمعہ نے گھر کے اندر گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کرلی ،جس کی لاش سول اسپتال لائی گئی،پولیس کے مطابق فوری طور پر خودکشی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

عمر رسیدہ خاتون بالکونی سے گر کر ہلاک
کراچی(کرائم رپورٹر) نارتھ ناظم آباد میں بالائی منزل سے عمررسیدہ خاتون گرکر جاں بحق ہوگئی۔تفصیلا ت کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے علاقے بلاک اے میں واقعہ پرپرچیمبر نامی رہائشی عمارت کی چوتھی منزل کی بالکونی سے پراسرار طور پر گر کر 60 سالہ تسلیم بی بی جاں بحق ہوگئی،ایس ایچ او اختر جواد کے مطابق متوفی ہ ذہنی مریضہ اور غیر شادی شدہ تھی وہ عمر رسیدہ اپنی اور بھائی کے ہمراہ مذکورہ فلیٹ میں رہائش پذیر تھی،پولیس نے کارروائی کے بعد لاش اہلخانہ کے حوالے کردی ہے۔

چھ سالہ بچے سمیت2افراد چھتوں سے گر کر ہلاک
گلستان جوہر میں پلمبر چھت سے گر گیا، گلشن بونیر میں بچہ چھت سے پراسرار طور پر گر کر چل بسا
لیاقت آباد فلائی اوور پر اور نیو کراچی میں دو افراد تیزرفتار گاڑیوں کی ٹکر سے دم توڑ گئے
کراچی(کرائم رپورٹر)شہر قائد میں ٹریفک حادثات و دیگر واقعات میں بچے سمیت4افراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق قائد آباد کے علاقے گلشن بونیر میں گھر کی چھت سے پراسرار طور پر گر کر 6سالہ شاہ میر ولد حاجی خان شدید زخمی ہوگیا جس کو قریبی سندھ سوشل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا ،جس پر اہلخانہ بغیر کارروائی کے لاش لیکر چلے گئے۔ لیاقت آباد کے علاقے لیاقت آباد فلائی اوور کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکرسے 22سالہ ماہیر ولد منیر جاں بحق ہوگیا جس کی لاش پولیس نے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔نیوکراچی کے علاقے یو پی موڑ کے قریب نامعلوم تیزرفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار 30سالہ فرحان ولد محمد سعید کو کچل دیا اور موقع سے فرار ہوگیا ،پولیس نے لاش کو تحویل میں لینے کے بعد عباسی شہید اسپتال منتقل کیا ۔ شاہراہ فیصل کے علاقے گلستان جوہر بلاک نمبر19میں قائم رہائشی بلڈنگ میں جھولا لگا کر پلمبر 30سالہ محمد خلیل ولد عبدالسلیم کام کررہا تھا کہ بلڈنگ سے گر گیا جس کو قریب اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گیا،پولیس کے مطابق متوفی کی لاش جناح اسپتال پہنچائی ،پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی محمد خلیل گلستان جوہر بلاک نمبر17حسن پاڑہ مکان نمبرL85/bکا رہائشی تھا ۔

 

Tags: