رینجرز اور پولیس کا ٹارگٹڈ آپریشن‘ 21 ملزمان گرفتار ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

November 2, 2015 3:33 pm0 commentsViews: 25

گلستان جوہر‘ گلشن حدید‘ مچھر کالونی سے کالعدم اور سیاسی تنظیم سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد کو حراست میں لے لیا گیا
لیاقت آباد اور بہادر آباد سے لوٹ مار کرنے والے گرفتار‘ پیرآباد پولیس نے بھتہ خور اور منشیات فروش کو گرفتار کرلیا‘ جوئے کے اڈے پر بھی چھاپہ
کراچی(کرائم رپورٹر)رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے ،ٹارگٹڈآپریشن اور مقابلے کے بعد 21ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق رینجرز انٹیلی جنس نے گلستان جوہر ،گلشن حدید اور سہراب گوٹھ مچھر کالونی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کالعدم اور سیاسی تنظیم سے تعلق رکھنے والے پانچ مشتبہ افراد کوحراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ،رینجرز ترجمان نے لا علمی ظاہرکردی۔سہراب گوٹھ پولیس نے گنا منڈی ،جمالی گوٹھ ،مچھر کالونی اور انڈس پلازہ کے قریب چھاپہ مار کارروائی کے دوران پانچ ملزمان حبیب ،عبدالواحد، زاہد اللہ ،محمد عارف اور غلام نبی کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ۔لیاقت آباد پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم عبدالباسط کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ۔بہادر آباد پولیس نے لوٹ مار کرنے والے ملزم اسد علی عرف اجی کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ۔پیرآباد تھانے کی فرنٹیر پولیس چوکی کی پولیس نے فرنٹیر کالونی میں چھاپہ مار کر بھتہ خوراور منشیات فروش حیات خان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور ایک کلو چرس برآمد کرلی ۔ناظم آباد پولیس نے چھوٹا میدان میں جوئے کے اڈے پر چھاپہ مار کر 8جواریوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دائو پر لگی رقوم اور قمار بازی کا سامان برآمد کرلیا ۔

18 بھارتی ماہی گیر گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر)میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے18بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کرکے لانچوں کو تحویل میں لے کر ڈاکس پولیس کے حوالے کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی سمندری حدود کی نگرانی پر مامور میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہو کر مچھلیوں کا شکار کرنے والے18بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کرکے ان کی لانچوں کو تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی کیلئے ڈاکس پولیس کے حوالے کردیا ،ڈاکس پولیس نے بھارتی ماہی گیروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

رات گئے جناح اسپتال پر چھاپہ، زخمی شخص گرفتار
عمیر عباس کو زخمی حالت میں گلستان جوہر سے لایا تھا،پوچھ گچھ کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا
کراچی( کرائم رپورٹر) رات گئے جناح اسپتال کے ایمر جنسی وارڈ میں قانون نافذکرنیوالے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص عمیر عباس کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا‘ باخبر ذرائع نے بتایا کہ رات گئے عمیر عباس کو زخمی حالت میں گلستان جوہر سے جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور مضروب نے بیان دیا تھا کہ ڈکیتی مزاحمت پر گولی لگنے سے زخمی ہوا حساس اداروںنے تفتیش کرنے کے بعد چھوڑ دیا تھا کہ تھوڑی دیر بعد دوبارہ حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا‘ باخبر ذرائع کا کہناہے کہ گزشتہ رات گلستان جوہر میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں بھی فرار ہوا تھا شبہ ہے کہ زخمی شخص پولیس مقابلے میں زخمی ہوا ہو‘ مزید تفتیش جاری ہے۔

محمود آباد چنیسر گوٹھ سے
11 منشیات فروش گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر) محمود آباد پولیس نے چنیسر گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات فروش جاوید اور نوید کو گرفتار کرکے قبضے سے 70کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس بر آمد کر لی۔ ایس ایچ او سرور کمانڈو کے مطابق ملزمان سندھ، بلوچستان ، پنجاب اور کے پی کے میں منشیات فروخت کرتے ہیں تاہم ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے با خبر ذرائع نے بتایا کہ ملزمان عرفان جبل، نواز کوبرا، اور فاروق کنگلا کو منشیات کی ڈیل دینے آئے تھے اور مذکورہ کارروائی مخبر خاص کی اطلاع پر کی گئی ہے۔

 

Tags: