اولڈ سٹی ایریا میں خونریزی کا بھارتی منصوبہ ناکام

November 5, 2015 5:00 pm0 commentsViews: 26

کالعدم تحریک طالبان جیلوں میں قید اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کیلئے سیکورٹی فورسز پر حملے اور انہیں اغواکرسکتی ہے، حساس اداروں کی رپورٹ
کراچی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے تھنڈر یونٹ نے سال جولائی کے تیسرے ہفتے میں بڑی دہشت گردی کا منصوبہ بنایا تھا،منصوبے کے تحت اولڈسٹی ایریا کو خون میں نہلانا تھا
منصوبے کا انکشاف گرفتار دہشت گردوں سے برآمد لیپ ٹاپ کی فرانزک رپورٹ سے ہوا، لیپ ٹاپ سے دہشت گردی کے منصوبے کی تفصیلات ملی ہیں، وکرم بھٹا چاریہ نامی شخص نے ہدایات دی تھیں،نجی ٹی وی کی رپورٹ
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) حساس اداروں نے رپورٹ دی ہے کہ کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں خونریزی کا بھارتی منصوبہ ناکام ہوگیا ہے جبکہ یہ خبر بھی دی گئی ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کے کارندے اپنے قیدیوں کو چھڑانے کیلئے سیکورٹی اداروں پر حملے اور انہیں اغواء کرسکتے ہیں‘ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں تباہی پھیلانے کا بھارتی خفیہ ایجنسی را کا تھنڈر بولٹ نامی دہشت گردی کا منصوبہ ناکام ہوگیا‘ رواں سال جولائی کے تیسرے ہفتے میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی جانی تھیں‘ منصوبے کے مطابق اولڈ سٹی ایریا کو خون میں نہلانا تھا‘ پاکستان کے ازلی دشمن کا کراچی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام ہوگیا منصوبہ بھارتی خفیہ ایجنسی نے16 جون کو بنایا تھا نجی ٹی وی نے دہشت گردی کے منصوبے کی دستاویزات حاصل کرلیں‘ منصوبے کا انکشاف گرفتار دہشت گردوں کے لیپ ٹاپ کے فرانزک رپورٹ سے ہوا‘ لیپ ٹاپ سے دہشت گردی کے منصوبے کی تفصیلات اور کئی اہم دستاویزات ملی ہیں‘ منصوبے کی ہدایت و کرم بھٹا چاریہ نامی شخص نے دی‘ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ منصوبے کے تحت اولڈ سٹی ایریا میں دہشت گردی کی جانی تھی‘ منصوبے کو آپریشن تھنڈر بولٹ کا نام دیا گیا تھا۔ حاصل ہونیوالے کچھ کاغذات پر وشال مولجی کے بھی دستخط موجود ہیں‘ جس میں منصوبے کی تفصیلات کے علاوہ اولڈ سٹی ایریا میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی اور سینکڑوں افراد کو خون میں نہلانے کے حوالے سے طریق کار بھی موجود تھا‘ ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے پاکستان میں ’’ را‘‘ کیلئے کام کرنے والے چند افراد کو حراست میں لیا ہے‘ دوسری جانب وزارت داخلہ نے حکومت کو خبر دار کیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نانگا پربت اور چلاس واقعے میں ملوث ملزمان کو چھڑانے کیلئے سیکورٹی فورسز پر حملے اور انہیں اغواء کرسکتی ہیں‘ یہ منصوبہ بندی ٹی ٹی پی کی ذیلی شاخ ’’ حمید‘‘  کررہی ہے‘ وزارت داخلہ کی جانب سے گلگت بلتستان حکومت کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کا ذیلی گروپ حمید اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کیلئے سیکورٹی فورسز ‘پولیس تھانوں‘ جیلوں پر حملے کرسکتا ہے جبکہ ٹی ٹی پی سیکورٹی اہلکاروں کو اغواء بھی کرسکتی ہے اور اس لئے گلگت بلتستان حکومت صورتحال پر نظر رکھے اور سیکورٹی اہلکاروں ‘تھانوں‘ جیلوں سمیت اہم سرکاری املاک کی حفاظت کیلئے تمام حفاظتی اقدامات اٹھائے۔

Tags: