سیکورٹی کی عدم فراہمی پر آج سے شروع ہونے والی پولیو مہم ایک بار پھر ملتوی

November 5, 2015 5:42 pm0 commentsViews: 28

پولیو مہم کیلئے4 ہزار پولیس اہلکاروں کی تعیناتی سے سندھ پولیس کی معذرت
آج محکمہ صحت کے حکام دوبارہ سندھ پولیس سے رابطہ کرینگے، سیکورٹی کی یقین دہائی کے بعد پولیو مہم کی نئی تاریخ کا فیصلہ ہوگا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ پولیس کی جانب سے مطلوبہ تعداد میں پولیس اہلکار کی فراہمی سے معذرت کے بعد کراچی کے 3 اضلاع میں آج سے شروع کی جانے والی انسداد پولیو مہم ملتوی کردی گئی ہے۔ انسدادی مہم کی نئی تاریخ کا تعین بھی نہیں کیا جاسکا۔ آج محکمہ صحت کے حکام دوبارہ سندھ پولیس سے رابطہ کریں گے اور مطلوبہ تعداد میں پولیس اہلکاروں کی فراہمی کی یقین دہانی کے بعد ہی مہم کی نئی تاریخ کا تعین کیاجائے گا ۔ ضلع جنوبی، غربی اور وسطی میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم 5 نومبر سے شروع کی جانا تھی اور اس دوران 10 لاکھ 24 ہزار سے زائد بچوں کو حفاظتی خوراک پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جبکہ انسداد پولیو ٹیموں کی حفاظت کے سلسلے میں 4 ہزار سے زائد پولیس اہلکار فراہم کے جانے تھے۔ انسداد پولیو مہم کے ملتوی ہونے کے سبب 3 اضلاع کے 10 سے زائد بچے پولیو سے بچائو کے قطرے پینے سے محروم رہ گئے ہیں۔ جمعرات سے کراچی کے ضلع جنوبی ، ضلع غربی اور ضلع وسطی میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہونا تھا۔

Tags: