آج صبح، ٹیپو سلطان میں مدرسہ کے طالب علم نے ساتھی کو اینٹ مار کر قتل کر دیا ۔ دیگر حادثات و واقعات میں مزید ہلاک و زخمی

November 5, 2015 5:52 pm0 commentsViews: 43

مدرسہ جامعہ ابو حنیفہ کے اندر سے20 سالہ رضی اللہ کی لاش ملی جسے سر پر وزنی چیز مار کر قتل کیا گیا تھا
مقتول کو مدرسہ کے دوسرے طالب علم نے سوتے ہوئے سر پر اینٹ مار کر قتل کیا، ملزم فرار
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے ٹیپو سلطان میں مدرسے کے اندر طالب علم نے دوسرے طالب علم کے سر پر سیمنٹ کا بلاک مار کر قتل کردیااور موقع سے فرار ہوگیا‘ تفصیلات کے مطابق آج صبح ٹیپو سلطان تھانے کی حدود میں واقع مدرسہ جامعہ ابو حنیفہ کے اندر20 سالہ رضی اللہ ولد محمد سلیم کی لاش ملی جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی‘ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کیا‘ پولیس نے بتایا کہ واقعے کے وقت وصی اللہ سویا تھا کہ کمرے میں دوسرے طالب علم اویس نے سیمنٹ کا بلاک مار کر سر کچل دیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا‘ پولیس کا کہنا ہے کہ رضی اللہ مدرسے کا طالب علم تھا اس کا تعلق اندرون سندھ سے ہے جبکہ ملزم کی تلاش جاری ہے جلد گرفتار کرلیا جائیگا‘ پولیس نے مزید بتایا کہ واقعے ذاتی رنجش معلوم ہوتا ہے۔

سپر ہائی وے پر گاڑی کی
ٹکر سے معمر شخص ہلاک
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سپر ہائی وے نیو پل کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 60 سالہ شخص ہلاک ہوگیا، جس کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی۔ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے گاڑی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جبکہ متوفی کی شناخت اس کی جیب سے ملنے والے شناخت کارڈ کی مدد سے اللہ دتہ کے نام سے ہوئی جس پر بہاولپور کا پتہ درج ہے۔

سینٹرل جیل کا قیدی پر اسرار طورپر جاں بحق
کراچی( کرائم رپورٹر)  سینٹرل جیل کا قیدی پر اسرار طور پر جاں بحق ہوگیا، تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل کراچی میں بدھ کی صبح سرجانی  پولیس کے ہاتھوں منشیات کیس میں گرفتار ہونے والے ملزم معین ولد منیر کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی جسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا بعد ازاں اس کی لاش کو سول اسپتال  منتقل کیا گیا جہاں مجسٹریٹ کی موجودگی میں اس کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا اور موت کی اصل وجہ کی رپورٹ تیار ہوگی۔ ڈی ایس پی ناصر لودھی کے مطابق متوفی کی موت طبعی ہے۔

اورنگی ٹائون میں گھریلوپریشانیوں سے
تنگ آکر پولیس اہلکار کی بیوی نے خودکشی کرلی
کراچی( کرائم رپورٹر) اورنگی ٹائون میں گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر پولیس اہلکار کی بیوی نے خودکشی کرلی‘ تفصیلات کے مطابق آج صبح پاکستان بازار کے علاقے اورنگی ٹائون سیکٹری ساڑھے گیارہ گلی نمبر4 مکان نمبر 142 میں22 سالہ طوبیٰ زوجہ محمد فیصل نے سر میں گولی مار کر خودکشی کرلی ‘پولیس نے بتایا کہ متوفی پولیس اہلکار محمد نبیل کی بیوی ہے اور محمد نبیل پولیس اہلکار ہے اور خواجہ اجمیر نگری ہیڈ کوارٹر میں تعینات ہے‘ متوفیہ2بچوں کی ماں تھی اور شبہ ہے کہ گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر بیوی نے خودکشی کی ہے۔

 

Tags: