پاک بھارت مذاکرات سے پائیدار امن قائم ہوگا‘مانی شنکر

November 5, 2015 5:58 pm0 commentsViews: 31

دنیا میں جنگوں سے ہی مسائل حل نہیں ہوئے‘ دونوں حکومتیں رویوں میں لچک پیدا کرکے مذاکرات کا اعلان کریں
پاکستان سے محبت اور امن کا پیغام ملا ہے یہی پیغام بھارت لیکر جائیں گے‘ مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سابق بھارتی وزیر خارجہ مانی شنکر آئر نے کہا ہے کہ پاک بھارت مذاکرات کے آغاز سے خطے میں نہ صرف پائیدار امن ہوگا بلکہ عالمی سطح پر امن کے پیغام کے فروغ میں یہ مذاکرات کلیدی کردار ادا کریں گے۔ دنیا میں جنگوں سے کبھی مسائل حل نہیں ہوئے ۔ہر مسئلے کا حل بات چیت ہے۔ پاک بھارت حکومتوں کو چاہیے کہ وہ اپنے موقف میں لچک کا مظاہرہ کریں اور مذاکرات کا اعلان کریں۔ پاکستان سے محبت اور امن کا پیغام ملا ہے۔ یہی پیغام لے کر بھارت جائیں گے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے دونوں ممالک کے عوام کو بھی اپنے حکومتوں کو دباؤ ڈالنا ہوگا۔ توقع ہے کہ مذاکرات اب جلد بحال ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو مزار قائد پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ بھارت کے5 رکنی وفد نے مزار قائد پر حاضری دی۔ بھارتی وفد نے بانی پاکستان کے مزار پر پھول چڑھائے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ وفد میں سابق بھارتی سیکرٹری خارجہ  سلمان حیدر، سدھ نیندرا کلکرنی اور دیگر شامل تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو اپنے مسائل خود حل کرنا ہوں گے قائد اعظم محمد علی جناح ایک بڑے سیاسی رہنما تھے ۔انہوں نے برصغیر میں رہنے والی تمام قوموں کے حقوق کی با ت کی۔  بھارتی دانشور سدھ نیندرا کلکرنی نے کہا کہ قائد اعظم اور مہاتما گاندھی کا وژن امن قائم کرنا تھا۔ دونوں چاہتے تھے کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات امریکا اورکینیڈا جیسے ہوں۔

Tags: