میڈیسن مارکیٹ پر چھاپہ‘ لاکھوں کی جعلی‘ زائد المیعاد ادویات ضبط

November 5, 2015 6:02 pm0 commentsViews: 31

ایک دکاندار گرفتار‘ مقدمہ درج‘ کئی دکاندار فرار‘ مشکوک دکانیں سیل دکانداروں کو چھاپے کی اطلاع مل گئی تھی
دکانوں پر سرکاری اسپتالوں سے چوری شدہ ادویات کی فروخت جاری تھی کمشنر کراچی کی ٹاسک فورس نے کارروائی کی تھی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی کی سربراہی میں بننے والی ٹاسک فورس نے میڈیسن کی تھوک مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی جعلی، زائد المیعاد اور سرکاری اسپتالوں سے چوری شدہ ادویات ضبط کر لیں اور ایک شخص کو گرفتار کرکے ایف آئی آر درج کرا دی، ٹاسک فورس کی آمد کی اطلاع ملنے پر دکاندار دکانیں بند کرکے فرار ہوگئے جن کو مشکوک قرار دیکر ان کی دکانیں سیل کر دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی سربراہی میں گرانفروشی ، ملاوٹ اور جعلسازی کے خلاف تشکیل کر دہ ٹاسک فورس نے ایڈیشنل کمشنر ٹو حاجی احمد کی قیادت میں ڈرگ انسپکٹر، اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ ، ایف آئی اے اہلکار اور دیگر ممبران ٹاسک فورس نے بدھ کو ایم اے جناح روڈ پر واقع میڈیسن کی تھوک مارکیٹ پر چھاپہ اور بی کیمسٹ لائسنس نمبر 2323 سے زائد المیعاد، معروف کمپنیوں کے نام پر جعلی ادویات اور سرکاری اسپتالوں سے چوری کر دہ مفت ادویات بھاری مقدار میں بر آمد کیں۔ بعد ازاں ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کرکے ڈرگ انسپکٹر کی مدعیت میں ایف آئی آر بھی درج کرلی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ٹاسک فورس کی مارکیٹ میں آمد کی اطلاع بعض دکانداروں کو پہلے ہی ہوگئی تھی۔ جس کی وجہ سے کئی دکاندار دکانیں بند کرکے بھاگ گئے تھے جن کو مشکوک قرار دیکر ایڈیشنل کمشنر نے ان کی دکانیں سیل کرکے انہیں نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت کی۔

Tags: