جرائم پیشہ افراد کا پی پی سے کوئی تعلق نہیں ، وزیر بلدیات

November 5, 2015 6:03 pm0 commentsViews: 20

خیرپور کے واقعے میں جرائم پیشہ افراد ملوث ہیں، جوڈیشل کمیشن سے تحقیقات کرائیں گئے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کے انتخابات کو پر امن اور شفاف بنانے کیلئے تمام تر اقدامات کر رہی ہے الیکشن کمیشن سے ان الیکشن کے انعقاد کیلئے فوج کی تعیناتی کیلئے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھا جائے گا۔ بدھ کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر بلدیات نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جو ہوا اس کا افسوس ہے، خیر پور واقعے میں جو ملوث ہے وہ سب کرمنلز ہیں، جرائم پیشہ افراد کا پیپلز پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے، اس پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں،خیر پور میں پیش آنے والے سانحے کی جوڈیشل کمیشن بنا کر تحقیقات کرائیں گے۔ انتخابات میں فوج بلانے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کا ہے، ہم نے پہلے ہی الیکشن کمیشن سے فوج کا مطالبہ کیا تھا مگر ہمیں یقین دلایا گیا کہ پولیس اور رینجرز سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے، بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی تصادم کا خدشہ ہے، اس لئے دوسرے اور تیسرے مرحلے کے انتخابات کو پر امن بنانے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے جس کیلئے سندھ حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

Tags: