شاہراہ فیصل پر 10 دفاتر کے تالے توڑ کر نقدی اور سامان لوٹ لیا گیا

November 5, 2015 6:09 pm0 commentsViews: 17

ٹیپوسلطان ٹریفک سگنل کے قریب واقع بنگلے میں واردات ہوئی جہاں مختلف کمپنیوں کے دفاتر قائم ہیں‘ سیکورٹی گارڈ سوتا رہے
نامعلوم ملزمان لوٹ مار کے بعد سی سی ٹی وی کیمرے بھی ساتھ لے گئے‘ دفاتر کے مالکان کا مقدمہ درج کرانے سے انکار
کراچی(کرائم رپورٹر) ٹیپو سلطان کے علاقے میں نامعلوم ملزمان نے دس سے زائد دفاتر میں نقب زنی کی واردات کے دوران نقدی اور لاکھوں روپے مالیت کا سامان لوٹ لیا‘ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان نے کوشش کی تھی لیکن کامیاب نہیں ہوسکے‘ واردات کے دوران سیکورٹی گارڈ سوتے رہے‘ رہزن سی سی ٹی وی کیمرے بھی ساتھ لے گئے‘ تفصیلات کے مطابق ٹیپو سلطان کے علاقے شاہراہ فیصل ٹیپو سلطان ٹریفک سگنل روڈ سے متصل بنگلہ نمبر 12J/56 میں مختلف کمپنیوں کے دفاتر قائم ہیں‘ منگل اور بدھ کی درمیانی شب نامعلوم ملزمان نے دس سے زائد دفاتروں کے تالے توڑ کر نقدی اور لاکھوں روپے مالیت کا سامان لوٹ لیا اور فرار ہوگئے‘ سیکورٹی گارڈ واقعے کے وقت سورہے تھے‘ اس حوالے سے ایس ایچ او رائو ناظم نے بتایا کہ مذکورہ بنگلے کے مالک نے بنگلے میں دس کمرے بنائے ہوئے ہیں جس میں ایک ایک کمرے کے دفتر قائم ہیں‘ نامعلوم ملزمان نے تالے وغیرہ توڑنے کی کوشش کی لیکن وہ واردات کرنے میں ناکام ہوگئے جب ملزمان سے تالے نہیں ٹوٹے تو انہوں نے دروازوںکو لاتیں ماریں اور چلے گئے‘ انہوں نے بتایا کہ اگر واردات میں ملزمان کامیاب ہوجاتے تو لازمی پولیس کو مقدمہ درج کرنا ہوتا ‘پولیس کے مطابق پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا تھا اور مقدمہ درج کروانے کا بھی کہا لیکن دفاتروں کے مالک کا کہنا ہے کہ واردات ہوتی تو مقدمہ درج کرواتے جب واردات نہیں ہوئی تو مقدمہ درج کروانے کا فائدہ نہیں ہے۔

Tags: