متحدہ نے رینجرز سے صلح کرلی ڈی جی رینجرز سے خوشگوار ماحول میں ملاقات

November 6, 2015 1:24 pm0 commentsViews: 24

صدر اوروزیراعظم کی ملاقات میں آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق، کراچی کے عوام اب سکھ کا سانس لے رہے ہیں، وزیراعظم
الطاف حسین کی اجازت سے ہونے والی ملاقات میں فاروق ستار نے بلدیاتی الیکشن کے موقع پر سیکورٹی کے حوالے سے بات کی، ڈی جی رینجرز نے متحدہ کے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی
ایم کیو ایم بلدیاتی الیکشن کی سرگرمیوں کے حوالے سے کوئی چیز محسوس کرے تو اسے صرف ایک فون کال کی ضرورت ہے ،ڈی جی رینجرز بلال اکبر، ملاقات کو بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے
صدر اور وزیراعظم کی ملاقات میں کراچی سمیت پورے ملک سے دہشت گردی اور بدامنی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے پر اتفاق ہوا، کراچی آپریشن سے ٹارگٹ کلر اور بھتہ خوروں کا خاتمہ ہوگیا ہے، وزیراعظم
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ نے آخر کار رینجرز سے صلح کر لی ہے۔ دونوں قوتوں کے درمیان ایک اہم اور خوشگوار رابطہ ہوا ہے جس کو کراچی کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے ۔ ڈی جی رینجرز جنرل میجر بلال اکبر سے ایم کیو ایم کے تین رکنی وفد نے ملاقات کی ہے کراچی آپریشن کے حوالے سے یہ ایک اہم پیشرفت ہے اس آپریشن پر ایم کیو ایم کو تحفظات رہے ہیں اور وہ اس حوالے سے احتجاج بھی کرتی رہی ہے۔ رینجرز اور ایم کیو ایم کے درمیان ایک تنائو کی فضاء رہی ہے۔ ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ملاقات رینجرز ہیڈ کوارٹر میں جمعرات کی دوپہر اچھے اور خوشگوار ماحول میں ایک گھنٹہ جاری رہی۔ ملاقات میں امن و امان کی صورتحال، کراچی آپریشن اور متعدد امور پر بات چیت ہوئی، کراچی آپریشن سے جرائم میں کمی ہوئی ہے۔ آپریشن کو احسن طریقے سے آگے بڑھایا جائے اس ملاقات کی اجازت متحدہ کے قائد سے حاصل کی گئی تھی اور ملاقات کے بعد اس پر مثبت پیشرفت سے متحدہ قائد کو آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں کو عوام کے مسائل حل کرنے کا موقع ملنا چاہئے، ہمیں اپنے اداروں کے ساتھ پارٹنر شپ قائم کرنا ہوگی۔ یہ ایک بہت اچھی پیش رفت ہوئی ہے۔ فاروق ستار نے بتایا کہ ہمیں اس ملاقات کی دعوت دی گئی تھی انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر ایسے موقع پر کہا کہ یہ آپریشن ہمارے مطالبے پر ہوا تھا۔ ہم چاہتے ہیں کہ کو کراچی اور اس کے عوام کو بلدیاتی انتخابات کے ذریعے یہ موقع ملے کہ اب معاشی و سماجی ترقی اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کا منتخب نمائندوںکو موقع ملے۔ سیاسی جماعتوں کی بھی ذمہ داری ہوگی کہ اس عمل میں کراچی کے عوام کو شامل کریں۔ تا کہ کراچی قومی ترقی میں پورا کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے یقین دلایا ہے کہ اگر ایم کیو ایم اس حوالے سے کوئی چیز محسوس کرے تو انہیں صرف ایک فون کال کی ضرورت ہے۔ میزبان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی یہ اہم ملاقات اور مستقبل کیلئے اہم راستہ ہے۔ دوسری طرف صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی سمیت پورے ملک سے دہشت گردی اور بد امنی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، ایوان صدر اور سرکاری ذرائع کے مطابق جمعرات کو صدر مملکت ممنون حسین سے وزیر اعظم محمد نواز زشریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کو تمام چیلنجز سے نکالنے کیلئے مشکل فیصلے کر رہے ہیں ملک سے دہشت گردی کا عملاً خاتمہ کر دیا گیا۔ آپریشن ضرب عضب کے مفید نتائج سامنے آئے ہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے جوانوں نے قربانی دیکر نئی مثالیں قائم کی ہیں۔ ملک میں امن کی فضاء قائم ہو چکی ہے ملک کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور معاشی اشاریے میں بہتری آئی ہے جس کا غیر ملکی ادارے بھی اعتراف کر رہے ہیں وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی کے حالات ماضی کی نسبت بہتر ہوگئے ہیں۔ ٹارگٹڈ آپریشن سے بھتہ خور، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم کا خاتمہ ہوا ہے اور کراچی کے عوام کا سکھ کا سانس لے رہی رہے۔

متحدہ نے استعفوں کی واپسی
کیلئے درخواست جمع کرا دی
اسلام آباد( اے پی پی) متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان نے استعفوں کی واپسی کیلئے درخواست قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرا دی ہے۔ پارلیمنٹ ہائوس پہنچنے پر ایم کیو ایم کے ارکان شیخ صلاح الدین اور ساجد احمد نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات میں ہماری بات سنی گئی اور کراچی میں جاری آپریشن کی نگرانی کیلئے کمیٹی کے قیام کے فیصلے کے بعد ہم نے قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایم کیو ایم کو انتخابی مہم چلانے سے
روکا نہیں جا سکتا، رابطہ کمیٹی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے مختلف علاقوں سے رینجرز اور سادہ لباس اہلکاروں کے ایم کیو ایم کے کارکنان کے گھروں پر چھاپے اور کارکنان کی بلا جواز گرفتاریوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ چھاپے و گرفتاریوں کا غیر قانونی عمل کرکے ایم کیو ایم کے کارکنان کو ملک میں آنے والے زلزلے کے متاثرین کیلئے امداد جمع کرنے اور بلدیاتی انتخابات کی مہم چلانے سے ہر گز نہیں روکا جا سکتا۔

ایم کیو ایم کی سندھ اسمبلی میں بھی واپسی کی تیاری
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے بعد اب سندھ اسمبلی میں بھی اپنے ارکان کے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے بتایا کہ ایم کیو ایم کا پارلیمانی وفد اسپیکر سندھ اسمبلی آغازسراج درانی سے ملاقات کرے گا اور اپنے ارکان اسمبلی کے استعفے واپس لینے کے لیے باضابطہ درخواست جمع کرائیں گے۔

نام نہاد سیاسی جماعتوں نے کراچی کو تنزلی کی طرف دھکیل دیا‘ فاروق ستار
بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں تاخیری حربے استعمال کئے گئے‘ شہر میں عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا
ایم کیو ایم کراچی کے عوام کی مقبول ترین جماعت ہے‘ گزدر آباد‘ نانک واڑہ اور دیگر علاقوںکے دورے میں گفتگو
کراچی( اسٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے بلدیاتی الیکشن 2015 ء کے سلسلے میںیوسی21 گذدر آباد اور یوسی23 نانک واڑہ میں نامزد حق پرست امید واران کے انتخابی دفاتر کا افتتاح کیا اور بلدیاتی الیکشن کیلئے جاری عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں رنچھوڑ لائن کے مختلف علاقوں کی مارکیٹوں کا دورہ کیا اور پتھاریداروں اور تاجر انجمنوں سے ملاقات کیں اور جگہ جگہ اجتماعات سے خطاب کیا‘ اس موقع پر ایم کیو ایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل اور مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران بھی ان کے ہمراہ تھے‘ ڈاکٹر فاروق ستار عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں جے پنج کھی ہنومان مندر بھی گئے جہاں انہوں نے ہندو برادری کی سرکردہ شخصیات سے خطاب کیا اور نامز دحق پرست امید واران کا تعارف کرایا‘ دورے کے موقع پر مختلف مقامات پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم شہر کراچی کے عوام کی مقبول ترین جماعت ہے‘ نام نہاد سیاسی جماعتوں نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں تاخیری حربے استعمال کرکے شہر کراچی کو تنزلی کی جانب دھکیل دیا اور یہاں کے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے‘ فاروق ستار نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں نامزد حق پرست امید واروں کو بھاری اکثریت سے ووٹ دے کر کامیاب کرائیں اور انہیں ایک مرتبہ پھر شہر اور اس کے عوام کی خدمات کرنے کا موقع فراہم کریں ۔

ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کے
وفود کی ڈی جی رینجرز سے ملاقاتیں
کراچی(اسٹا ف رپورٹر)ڈی جی رینجرز سندھ کیساتھ جمعرات کو جماعت اسلامی،ایم کیو ایم اور سندھ کے وزیر داخلہ کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں۔ترجمان رینجرز کے مطابق اس موقع پر کراچی آپریشن کے معاملات اور بلدیاتی الیکشن کے آنے والے مراحل میں سیکورٹی کے بندوبست کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان کے مطابق اس موقع پر کراچی کے امن کو باہمی اشتراک اور یکسوئی کیساتھ مضبوط کرنے اور آپریشن احسن طریقے سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

 

Tags: