تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی 127 رنز سے شاندار فتح

November 6, 2015 1:37 pm0 commentsViews: 28

پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دیکر ٹیسٹ میچوں کی سیریز 2 صفر سے جیت لی اور 10 سال کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی
محمد حفیظ کو مین آف دی میچ‘ یاسر شاہ کو مین آف دی سیریز‘ مصباح الحق کو دلکش اننگز کا ایوارڈ دیا گیا
شارجہ ، لاہور( اسپورٹس ڈیسک) پاکستان نے آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کو127 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 2-0 سے جیت لی اور10 سال بعد آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم 284 رنز کے ہدف کے تعاقب میں156 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں الیسٹر کک 63، معین علی اور عادل رشید 22,22 اور اسٹورٹ براڈ20 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 4، شعیب ملک 3، ذوالفقار بابر 2 اور راحت علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر محمد حفیظ کو مین آف دی میچ اور سریز میں بولنگ کے شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر یاسر شاہ کو مین آف دی سیریز کے اعزاز سے نوازا گیا۔ جبکہ مصباح الحق کو دلکش اننگز کا ایوارڈ دیا گیا۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پانچویں روز انگلینڈ نے 46 رنز پر 2 کھلاڑی آئوٹ سے اپنی نا مکمل اننگز کا آغاز کیا تو السٹر کک17 اور جوئے روٹ 6رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے لیکن پاکستانی اسپنرز کے سامنے انگلش بیٹنگ لائن ڈگما گئی اور جوئے روٹ اپنے انفرادی اسکور میں بغیر کوئی اضافہ کئے یاسر شاہ کی خوبصورت ڈلیوری پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد جیمس ٹیلر نے2 جب کہ جونی بریسٹو اور سمت پٹیل بغیر کوئی رنز بنائے چلتے بنے، ساتویں وکٹ پر کپتان السٹر کک اور عادل رشید نے49 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعہ108 تک پہنچا تو عادل رشید 22 رنز بنانے کے بعد راحت علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے،۔ اس طرح کوئی کھلاڑی بھی وکٹ پر جم نہ سکا اور ساری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

Tags: