افغان سیکورٹی فورسز سے جھڑپوں میں 28 طالبان مارے گئے

November 6, 2015 1:51 pm0 commentsViews: 22

افغانستان کے مشرقی صوبے ننگر ہار میں طالبان کے خلاف آپریشن میں دونوں جانب سے بھاری ہتھیاروں سے دوبدو لڑائی
8زخمی گرفتار کرنے کا دعویٰ ضلع غنی خیل میں ایک جنگجو مارا گیا، بغیر دستاویزا آنے والا پاکستانی گرفتار
کابل( یو پی پی) افغانستان کے مشرقی صوبے ننگر ہار میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 28 طالبان ہلاک اور8 زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق صوبائی پولیس کے ہیڈ کوارٹرز کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع ایچن میں فضائی کارروائی اور مارٹر حملوں کے دوران28طالبان ہلاک ہوئے۔ صوبائی پولیس کے ترجمان کرنل حضرت حسین مشرقی وال نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران 8 جنگجو زخمی بھی ہوئے دریں اثناء ضلع غنی خیل کے علاقے میں عسکریت پسندوں کے درمیان آپس کی لڑائی میں ایک جنگجو مارا گیا۔ پولیس ترجمان کرنل مشرقی وال کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے جنگجو کا تعلق داعش سے ہے۔ مزید بر آں حکام نے کہا کہ ضلع بحسود میں ایک آپریشن کے دوران بغیر دستاویزات کے افغانستان میں داخل ہونے والے ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری جانب صوبہ زابل میں ایک بم دھماکے میں سول سوسائٹی کا کارکن ہلاک ہوگیا ۔ اطلاعات کے مطابق محمد حق یار اپنی گاڑی میں جا رہا تھا کہ اچانک دھماکہ ہوگیا۔ بم گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔

Tags: