منظور کالونی میں ہندو برادری کی 120 جھگیاں جل کر خاکستر‘ 5 افراد زخمی

November 6, 2015 1:52 pm0 commentsViews: 23

ایک جھونپڑی میں گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تمام جھونپڑیوں کو لپیٹ میں لے لیا
وزیر داخلہ سندھ نے رپورٹ طلب کرلی‘ سینیٹر سعید غنی کا علاقے کا دورہ‘ متاثرین کیلئے مالی امداد کی کوششوں کی یقین دہانی
کراچی( کرائم رپورٹر) کراچی میں محمود آباد کے علاقے منظور کالونی سے متصل جونیجو ٹائون سیکٹر6JI میں ہندو برادری کی جھونپڑیوں میں جمعرات کی صبح 10 بج کر24 منٹ پر لگنے والی آگ پر 8 گھنٹے قابو پالیا گیا فائر بریگیڈ کی نصف درجن گاڑیوں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا، امدادی کارکنوں نے20 افراد کو جھگیوں سے نکالا، واقعے میں120 جھگیاں خاکستر ہوگئیں جبکہ جائے وقوعہ پر ہر طرف چیخ و پکار کے مناظر دیکھنے میں آئے۔ جھگیوں میں آگ لگنے سے رام پیاری گنگا، لکشمی، مکھیا شام اور ہری موہن معمولی طور پر جھلس گئے جن کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ بلوچ کالونی تھانے کے ہیڈ محرر ارشد کے مطابق مذکورہ پلاٹ2 ہزار گز پر ہے جہاں پر ہندو برادری کے افراد نے کئی سال پہلے جھونپڑیاں بنائیں جن میں لگ بھگ 200 افراد رہائش پذیر تھے۔ ایک جھونپڑی میں موجود گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ پھیلی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تمام جھگیوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ جھونپڑیوں میں موجود تمام سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ فائر بریگیڈ کے ترجمان کے مطابق آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی کولنگ کا کام مکمل ہونے کے بعد آگ لگنے کی وجہ معلوم ہو سکے گی۔ 120 جھگیاں جل گئیں جبکہ30 جھگیوں کپو بچا لیا گیا۔ وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے کمشنر کراچی اور علاقہ پولیس سے آتشزدگی کے واقعات کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر سعید غنی نے جونیجو ٹائون کا دورہ کیا اور آتشزدگی سے متاثر ہونے والے جھونپڑیوں کے رہائشیوں سے ملاقات کی سعید غنی نے یقین دلایا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد کیلئے بھر کوششیں کرینگے تا کہ جلد از جلد متاثرین کو بحال کیا جا سکے۔

Tags: