ترقی سے محروم اساتذہ کو ایچ ایس ٹی گریڈ دیا جائے‘ محمد اسلم

November 6, 2015 1:54 pm0 commentsViews: 22

کراچی( پ ر) سرکاری اسکولوں میں تدریسی فرائض انجام دینے والے ترقی سے محروم اساتذہ کے وفد نے محمد رفیع خان کی قیادت میں گورنمنٹ اسکولز ٹیچرز ایسوسی ایشن (گسٹا)کراچی کے صدر محمد اسلم سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ7 اپریل2010 ء سے منظور شدہ تدریسی الائونس اور ٹائم اسکیل سے اساتذہ کی اکثریت محروم ہے اورنہ ہی انہیں اگلے درجے میں محکمہ جاتی ترقی دی جارہی ہے‘ سابق ناظم تعلیم نے تدریسی الائونس اور ٹائم اسکیل کے آرڈر دیئے تھے مگر اے جی سندھ ان آرڈر کو ماننے سے انکار کررہا ہے اس سلسلے میں اساتذہ ڈائریکٹریٹ اور اے جی سندھ دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔ محمد اسلم نے اساتذہ کے مسائل کو توجہ سے سنا اور ناظم تعلیمات ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی سے اپیل کی ہے کہ وہ سابق ناظم تعلیمات کے احکامات کو برقرار رکھتے ہوئے اے جی سندھ کے دفتر کو پابند کریں کہ وہ ان احکامات پر عملدرآمد کریں اور پی ایس ٹی /جے ایس ٹی اساتذہ کومحکمہ جاتی ترقی دیتے ہوئے انہیں ایچ ایس ٹی گریڈدیا جائے۔