بلدیاتی الیکشن فاروق ستار سمیت سینکڑوں امیدوار مقابلے سے دستبردار

November 7, 2015 1:15 pm0 commentsViews: 69

اورنگی ٹائون کی یونین کونسل میں متحدہ کا چیئرمین اور وائس چیئرمین بلا مقابلہ منتخب‘ پی پی کے 19 امیدوار کامیاب
متحدہ کے رکن سندھ اسمبلی ریحان ہاشمی‘ پی پی کے رہنما نجی عالم‘ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمن بھی انتخابات لڑینگے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم کے رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار سمیت اہم رہنما مقابلے سے دستبردار ہوگئے۔ ضلع غربی میں متحدہ قومی موومنٹ کے چیئر مین و وائس چیئر مین اورنگی ٹائون کی یو سی سے بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔ ایم کیو ایم کی ایک خاتون کونسلر ثناء فیاض سمیت26 کونسلرز بھی بلا مقابلہ منتخب، ضلع ملیر اور ضلع جنوبی میں پیپلز پارٹی کے9 اور4 آزاد امیدوار ضلع ملیر کی جنرل نشست سے بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔ مجموعی طور پر 6 اضلاع سے سیکڑوں امیدوار مقابلے سے دستبردار ہوگئے، الیکشن کمیشن میں رات گئے تک کام جاری رہا۔ انتخابی نشان ہفتہ کو جاری کرکے حتمی لسٹ شائع کر دی جائے گی۔ متحدہ قومی موومنٹ کے اہم رہنمائوں نے بلدیاتی انتخابات میں جمع ہونے والے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں۔ ایم کیو ایم کے اراکین قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار، عبدالحسیب، رئوف صدیقی، عبدالوسیم، محمد حسین، سلمان مجاہد بلوچ و دیگر مقابلے سے دستبردار ہوگئے۔ ایم کیو ایم کے دیگر اہم رہنمائوں میں شبیر قائم خانی، جمال احمد، امین الحق بھی مقابلے سے دستبردار ہوگئے، ای کیو ایم کے دعویٰ کے مطابق 26 وارڈز کو نسلرز بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔ جبکہ ضلع غربی میں اورنگی ٹائون کی یونین کمیٹی 20 سے چیئر مین نشست سے جمیل وارثی اور وائس چیئر مین کیلئے ندیم نور بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔ ایم کیو ایم کی جانب سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ریحان ہاشمی، ارشدہ وہرا اور ایم کیو ایم کے اہم رہنما وسیم اختر، زریں مجاہد، عارف ایڈووکیٹ و دیگر انتخابی مقابلے میں حصہ لیں گے۔ ایپلیٹ اتھارٹی نے ضلع ملیر سے پیپلز پارٹی کے عمر جت کے مسترد شدہ کاغذات نامزدگی بحال کر دیئے ہیں عمر جت یو سی ابراہیم حیدری سے انتخاب لڑیں گے۔ پیپلز پارٹی کے اہم رہنما نجمی عالم، ذوالفقار قائم خانہ و دیگر انتخابی دنگل میں حصہ لیں گے۔ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمن و مسلم پرویز و دیگر، تحریک انصاف عمران اسماعیل و علی زیدی بھی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں گے، ضلع ملیر سے46 چیئر مین ، وائس چیئر مین اور 119 وارڈ کونسلرز کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے۔ کو ضلعی وسطی سے 413 جنرل کونسلرز اور202 چیئر مین وائس چیئر مین کی نشستوں سے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے۔

Tags: