کراچی میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف ملکر بلدیاتی الیکشن لڑینگے

November 7, 2015 1:40 pm0 commentsViews: 60

دونوں جماعتوں کے درمیان 85 فیصد نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات کو حتمی شکل دے دی گئی
کراچی کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے‘ حافظ نعیم الرحمن اور تحریک انصاف کے علی زیدی کی مشترکہ پریس کانفرنس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے ملکر بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا۔ دونوں جماعتوں کے درمیان 85 فیصد نشستوں پر سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا یہ اتحا د کراچی کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلوائے گا۔ آئو بدلیں اپنا کراچی، دونوں جماعتوں کا سلوگن ہے کراچی کو اس کے سلب کئے گئے اختیارات واپس دلوائیں گے اور با اختیار بلدیاتی ادارے بنائیں گے۔ دونوں جماعتوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کو دہشت گردی، بھتہ خوری، قتل و غارت گری سے نجات دلائیں گے اور شہر کراچی کو ایک بار پھر سے امن و آشتی کا گہوارہ بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور پاکستان تحریک انصاف کراچی کے آرگنائزر سید علی زیدی نے جمعہ کو مقامی ہوٹل میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جماعت اسلامی کے نائب امراء مظفر احمد ہاشمی، مسلم پرویز اور سیکریٹری کراچی عبدالوہاب، جبکہ تحریک انصاف کے عمران اسماعیل اور فردوس شمیم نقوی بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم نے تین مرتبہ کراچی کی خدمت کی ہے کراچی کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں ہمارا اتحاد عوام کو تبدیلی کا پیغام دیتا ہے۔ ہم نے باہمی مشاورت سے 85 فیصد نشستوں پر سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کر لی ہے تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے اتحاد کی ضرورت میں کراچی کے عوام کے پاس ایک مشترکہ پلیٹ فارم ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما سید علی زیدی نے کہا ہے کہ ہم کراچی کے عوام کو امن دینے کیلئے آگے بڑھ رہے ہیں ہمارا اتحاد تبدیلی اور کراچی کے روشن مستقبل کی نوید ثابت ہوگا۔

Tags: