سی ٹی ڈی سول لائن سب جیل قرار‘ ملزمان کو 90 دن تک رکھا جاسکے گا

November 7, 2015 1:48 pm0 commentsViews: 69

فیصلے کے باعث سی ٹی ڈی سول لائن کی سیکورٹی سخت کردی ہے‘ سب جیل میں جیل کا عملہ بھی تعینات کیا جائے گا
پولیس افسران خود بھی ملزمان سے تفتیش کرسکیں گے‘ افسر سی ٹی ڈی کی بات چیت‘ باقاعدہ اعلامیہ موصول
کراچی( کرائم رپورٹر) کائونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کو سب جیل کا درجہ دے دیا گیا‘ اب وہاں ملزمان کو 90 روز تک رکھ کر ان سے تفتیش کی جاسکے گی‘ اس سے قبل رینجرز کے تحت میٹھا رام ہاسٹل کو بھی سب جیل کا درجہ دیا جاچکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے سی ٹی ڈی سول لائن کو سب جیل کا درجہ دے دیا گیا جس کے تحت سی ٹی ڈی کے افسران تفتیش کیلئے ملزمان کو 90 روز تک رکھ کر ان سے تفتیش کرسکتے ہیں‘ سی ٹی ڈی سول لائن میں اس وقت سی ٹی ڈی کے مختلف محکموں کے افسران بیٹھتے ہیں۔ اور وہاں سی ٹی ڈی کے مختلف سیلز بھی آپریٹ کئے جارہے ہیں۔ سی ٹی ڈی کے افسر عامر فاروقی کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں باقاعدہ ہمین اعلامیہ موصول ہوچکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب جیل میں جیل کا عملہ بھی ہوگا تاہم پولیس افسران خود بھی تفتیش کیلئے جاسکتے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ فیصلے کے بعد سی ٹی ڈی سول لائن کی سیکورٹی کو مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ 2010 ء میں بھی دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی سول لائن پر بارود سے بھرے ٹرک سے خودکش حملہ کیا تھا جس میں پولیس افسران و اہلکاروں سمیت 18 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

Tags: