ہرحلقے سے الیکشن لڑا جائے گا کراچی کو جیالا میئر دینگے، بلاول

November 7, 2015 1:58 pm0 commentsViews: 23

لیاری ہمیشہ پیپلزپارٹی کا قلعہ رہے گا
وڈیروں کو پیپلزپارٹی کا وجود کھٹکتا ہے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی غریبوں اور مزدوروں کی پارٹی ہے، غریبوں اور مظلوموں کے حقوق کا تحفظ کرنے پر وڈیروں اور جاگیرداروں کو پیپلزپارٹی کاوجود کھٹکتا ہے، بلدیاتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں کراچی کے ہر حلقے سے الیکشن لڑیں گے اور کراچی کو جیالا میئر دیںگے۔ لیاری پیپلزپارٹی کا قلعہ تھا اور رہے گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے ان خیالات کااظہار جمعے کا بلاول ہائوس میں پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن ملیر،شرقی اور غربی اضلاع کے وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر آصفہ بھٹو زرداری، ایم این اے فریال تالپور، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، سینیٹر شیری رحمن، سینئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو، اراکین، پارلیمنٹ، پارٹی کے ضلعی عہدیداران بھی موجود تھے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جس نے پیپلزپارٹی کو پیٹھ میں چھرا گھونپنے کی کوشش کی ہے اس کو رسوائی اور ذلت ہی نصیب ہوئی ہے، پیپلزپارٹی پہلے سے مزید مضبوط اور مستحکم ہوئی ہے، اس موقع پر کراچی ڈویژن کے تین اضلاع سے تعلق رکھنے والے پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے بلاول بھٹو زرداری کو شہر میں جاری ترقیاتی کاموں اور آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بریفنگ دی، پارٹی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، پارٹی رہنمائوں نے کہا کہ پارٹی اور کارکنان دن رات محنت کررہے ہیں اور بلدیاتی انتخابات میں اکثریت حاصل کرکے کراچی کو جیالا میئر دیں گے۔

Tags: