کراچی آپریشن کو جاری رکھا جائے‘ چیئرمین سینیٹ

November 9, 2015 5:03 pm0 commentsViews: 24

جمہوریت کیلئے سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا‘ وفاق کی مضبوطی کیلئے سیاسی قوتیں اختلافات بھلادیں‘ رضا ربانی
کرپشن نے معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے‘ چاہتے ہیں کہ اداروں کے درمیان روابط بڑھیں‘ پشاور میں سیمینار سے خطاب
سرگودھا( خبر ایجنسیاں) چیئر مین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ آپریشن کے اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں آپریشن جاری رہنا چاہئے۔ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کا منہ توڑ جواب دیں گے۔  تفصیلات کے مطابق  سرگودھا میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے مظالم کے خلاف مغرب کی خاموشی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے خطاب کے دوران چیف جسٹس کا کہنا درست ہے کہ اگر جمہوری ادارے ٹھیک طریقے سے کام نہ کریں تو دوسرا ادارہ مداخلت کرتا ہے۔ جمہوریت کیلئے سب کو مل جل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، بعد ازاں پشاور میںمفتی محمود سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ کہ ماضی میں آمروں نے آئین کو پیروں تلے روندا، آمریت کے دور میں جمہوری اداروں کو ایک دوسرے سے لڑایا گیا۔ آئین کی اصل شکل میں لانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں نے کردار ادا کیا۔ آج ملک کو دوبارہ اسی سوچ کی ضرورت ہے۔ وفاق کی مضبوطی کیلئے تمام سیاسی قوتیں  اختلافات بھلا دیں، جمہوریت ہی پاکستان کی مضبوطی کا واحد راستہ ہے۔ چاہتے ہیں کہ اداروں کے درمیان رابطہ بڑھے۔ آپس میں مل کر بیٹھیں، کوئی درمیان کا راستہ ضرور نکلے گا کیونکہ درمیانی  راستہ قوم کی بھلائی کا راستہ ہے۔ کرپشن نے  معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے کرپٹ لوگوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہونی چاہئے۔