شہر میں شیشہ کیفے کی عمارت کے مالکان کیخلاف بھی کارروائی ہوگی

November 9, 2015 5:23 pm0 commentsViews: 30

انتظامیہ عدالت عظمیٰ کے حکم کے مطابق شیشہ کیفے مالکان اور شیشہ کا نشہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کرے گی‘ کمشنر کراچی
ضلع جنوبی میں کارروائی شروع‘20 سے زائد کیفے بند‘ پولیس نے 30 افراد کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلئے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے شیشہ کیفے کا کاروبار کرنے والوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ شیشہ کیفے کاروبار سے وابستہ لوگ اپنے اپنے شیشہ کیفے قانون عمل کرتے ہوئے فوری بندکریں۔ کمشنر کراچی نے جاری بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ نے شیشہ کے فروخت اور اس کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے لہٰذا کراچی  انتظامیہ عدالت عظمیٰ کے حکم کے مطابق شیشہ کیفیز مالکان اور شیشہ استعمال کرنے والوں کے خلاف بھر پور کریک ڈائون کریگی۔ جن لوگوں کی پراپرٹی  پر شیشہ کیفیز قائم ہیں وہ پراپرٹی مالکان بھی عدالت عظمیٰ کے حکم کے بعد فوری طور پر اپنے مالکانہ  حقوق کا استعمال کرتے ہوئے اپنی پراپرٹی پر قائم شیشہ کیفیز بند کروائیں بصورت دیگر ان پراپرٹی  مالکان کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس ضمن میں کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی جبکہ دوسری طرف ضلع جنوبی کے ڈپٹی کمشنر محمد سلیم راجپوت کی تشکیل کر دہ تین رکنی اسسٹنٹ کمشنرز کی ٹیم نے ضلع جنوبی میں قائم شیشہ کیفیز اور کلبز میں شیشہ کے خلاف کریک ڈائون کا آغاز بھی کر دیا کارروائی کے دوران 20 سے زائد شیشہ کیفیز  بند کرا دئیے۔ اور مقامی پولیس نے30 سے زائد افراد کو شیشہ استعمال کرنے کے جرم میں گرفتار اور  ایف آئی آر درج کی گئی۔

Tags: