پولیس سرپرستی میں شہر بھر میں گٹکا‘ مین پوری اور ماوا کی فروخت جاری

November 9, 2015 5:24 pm0 commentsViews: 377

لانڈھی‘ نیو کراچی‘ بنارس‘ پاک کالونی‘ کیماڑی‘ رضویہ سوسائٹی اور دیگر علاقوں میں منظم انداز میں تیاری اور سپلائی
گٹکا، ماوا اور مین پوری کی تیاری میں گلی سڑی چھالیہ اور دیگر مضر صحت اشیاء استعمال کئے جاتے ہیں جس سے کینسر کا مرض پھیل رہا ہے
کراچی( کرائم ڈیسک) شہر میں گٹکے کی فروخت پر پابندی کے باوجود مبینہ طور پر پولیس کی سرپرستی میں گٹکا،  مین پوری اور ماوا کی تیاری، سپلائی اور فروخت انتہائی منظم انداز میں جاری ہے شہر میں انڈین گٹکے کے لئے فروخت بھی کھلے عام جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں گٹکے کی فروخت پر پابندی کے باوجود مبینہ طور پر پولیس کی سرپرستی میں گٹکے کی تیاری، سپلائی اور فروخت کا کام انتہائی منظم انداز میں جاری ہے۔ مضر صحت اور نشہ آور گٹکے کی تیاری کے حوالے سے لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، نیو کراچی گودھرا کالونی، سرجانی ٹائون، لیاقت آباد، نیو کراچی صنعتی ایریا ، ایوب گوٹھ، سہراب گوٹھ، گڈاپ، نارتھ کراچی، بلال کالونی کچی آبادی، اورنگی ٹائون، پاکستان بازار، مومن آباد، فقیر کالونی، اقبال مارکیٹ، بنارس، شیر شاہ، پاک کالونی، ناظم آباد، مجاہد کالونی، رضویہ سوسائٹی، گلبہار، جمشید کوارٹرز، رنچھوڑ لائن، رامسوامی، دھوبی گھاٹ، سولجر بازار، لیاری، شیریں جناح کالونی، کیماڑی اور لائنز ایریا شامل ہیں اور ان علاقوں میں مبینہ طور پر علاقہ پولیس کی سرپرستی میں گٹکے کی تیار ی جا رہی ہے جہاں پھپوند لگی اور گلی سڑی چھالیہ کو بڑے بڑے ڈرموں میں ڈال کر گلایا جاتا ہے جس کے بعد اس میں چونا اور کتھا سمیت دیگر اشیاء و کیمیکلز ملائے جاتے ہیں۔ جس سے کینسر کا مرض پھیل رہا ہے۔ شہر کی سڑکوں کے کنارے خصوصاً بس اسٹاپ کے قریب لگے ہوئے پان کے کیبن اور پتھاروں پر گٹکا10 سے 15 روپے میں کھلے عام فروخت کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ گٹکے کی سپلائی میں ایسی موٹر سائیکلیں بھی استعمال کی جا رہی ہے جس پر پولیس کے رنگ اور مونو گرام کی نمبر پلیٹ لگی ہوتی ہے اس پر سوار شخص بلا کسی خوف و خطر موٹر سائیکل پر دونوں جانب لٹکے ہوئے تھیلوں میں درجنوں پیکٹ گٹکے کے مطلوبہ مقام پر پہنچا کر آجاتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں میں اگر دکاندار گٹکا فروخت نہیں کرنا چاہتا تو علاقہ پولیس اسے گٹکا فروخت کرنے پر مجبور کرتی ہے۔

Tags: