اورنگی ٹائون کی رہائشی خواتین کا اپنے پیاروں کی بازیابی کیلئے کراچی پریس کلب کے باہر مظاہر ہ

November 9, 2015 5:29 pm0 commentsViews: 22

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی ٹائون کی رہائشی خواتین نے اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے اتوار کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہر ہ کیا ۔ مظاہرے میں شریک خواتین نے الزام عائد کیا کہ کچھ روز قبل قانون نا فذ کرنے والوں نے اورنگی 12نمبر میں کاروائی کے دوران چارافراد وسیم ،عامر ،محمد علی اور عرفان کو حراست میں لیا تھا تاہم ابھی تک ان کی گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی جس کی وجہ سے ہم سخت تشویش میں مبتلا ہیں، در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں لیکن ہمارے پیاروں کا کچھ پتہ نہیں چل رہا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ گرفتار کیے گئے افرادکسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیںہیں ،اگر ان پر کسی جرم کا الزام ہے تو انھیں عدالت میں پیش کیا جائے اور انکی گرفتاری ظاہر کی جائے ۔ مظاہرین نے وزیر اعلیٰ سندھ ، آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سے مطالبہ کیا ہے کہ ان افراد کو بازیاب کرایا جائے ۔اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر ز او ر پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ۔