کامیابی نبی کریمؐ کے نقش قدم پر چلنے میں ہے، تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر

November 9, 2015 5:39 pm0 commentsViews: 28

اللہ ہمیں حضرت محمدؐ کی سنت کے مطابق گزارنے والا بنا دے اور اسلام کو غالب کردے، حاجی عبدالوہاب کی دعا
امت مسلمہ ہمارے اعمال کے باعث زوال پذیرہے،اکثریت یورپ اور فلمی دنیا سے رہنمائی لیتی ہے، مولانا احمد بہاولپوری
رائے ونڈ( نیوز ڈیسک)اے اللہ اپنی رحمتوں کا نزول کرکے امت مسلمہ کی تکالیف کو دور فرمادے‘ مصائب و مسائل کا خاتمہ کرکے راحت اور سکون کی زندگی نصیب فرما‘ پوری کائنا ت میں غلبہ اسلام کیلئے مسلم امہ کو طاقت عنایت فرما‘ امت محمدیہ کو دین کی سمجھ عطا فرما‘ دین الٰہی کی تبلیغ کیلئے جان مال وقت لگانے والا بنادے‘ اپنی زندگیاں محمد رسول ﷺ کی سنت کے مطابق گزارنے والا بنادے‘ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ جماعت کے مرکزی امیر حاجی عبدالوہاب کی رقت آمیز دعا سے اختتام پذیر ہوگیا‘ اجتماعی دعا 8:33 پر شروع ہوئی اور بیس منٹ تک جاری رہی‘ پنڈال آہوں‘ سسکیوں اور آمین کی صدائوں سے گونجتا رہا‘ پنڈال میں موجود لاکھوں بیرونی مندوبین کے ساتھ سٹی رائیونڈ اور گرد و نواح سے بھی ہزاروں افرا د نے اجتماعی دعا میں شرکت کی‘اجتماعی دعا سے قبل مولانا ہدایت اللہ خورشید آف ٹندو اللہ یار نے مفصل خطاب کیا‘ جبکہ گزشتہ شب آخری نشست سے مولانا محمد احمد بہاولپوری نے بیان کیا تھا انہوں نے اپنے بیانات میں فرمایا کہ دین کی دعوت ہو یا جہاد کا عمل جب تلک انسان اپنے آپ کو کبیرہ اور صغیرہ گناہوں سے محفوظ نہیں رکھتا اور اپنے عمل میں اخلاق اور سنت نبویﷺ کے طریقے کو مد نظر نہیں رکھتا اللہ تعالیٰ کی جانب سے فتح و نصرت کا نزول نہیں ہوتا‘ آج ہمارے اعمال کی وجہ سے ہی امت مسلمہ ذلت و خواری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوچکی ہے‘ مسلم امہ کی اکثریت یورپ اور فلمی دنیا سے رہنمائی کرکے انہی کے طور طریقوں پر چل نکلی ہے جبکہ اللہ تعالیٰ نے دنیا اور آخرت کی کامیابیاں نبی مکرم حضرت محمد ﷺ کے نقش قدم پر چلنے میں رکھی ہیں‘ اجتماعی دعا08:53 پر ختم ہوئی تو لاکھوں مندوبین نئے جوش و جذبے سے پرامن طو رپر اپنے آباء علاقوں کی طرف لوٹ گئے اجتماع میں کسی اہم سیاسی شخصیت نے شرکت نہیں کی‘ دوسرے مرحلے کا اجتماع12نومبر بروز جمعرات بعد از نماز عصر شروع ہوگا۔