ایاز صادق ملک کے20 ویں اسپیکر قومی اسمبلی بن گئے

November 10, 2015 5:14 pm0 commentsViews: 17

ایک ہی جمہوری حکومت کے دور میں دوسری بار اسپیکر منتخب ہونا بھی ایک تاریخ بن گیا
پارلیمنٹ کی تاریخ میں دوسری بار ڈپٹی اسپیکر نے نامزد اسپیکر سے حلف لیا، جو اکثر یت سے کامیاب ہوئے
ایاز صادق بڑی شانو شوکت سے پارلیمنٹ میں آئے، عمران خان نے مجبوری کے تحت ووٹ ڈالا
اسلام آباد( یو پی پی) سردار ایاز صادق جو عہدہ چھوڑ کر تین ماہ قبل پارلیمنٹ سے بھجوا دئیے گئے تھے پیر کو پہلے سے زیادہ شان و شوکت کے ساتھ اسی ایوان میں واپس آگئے  ہیں اور تو اور تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کے علاوہ باقی تمام جماعتیں ان کے شانہ بشانہ تھیں جس کی وجہ سے انہیں پہلے سے بھی زیادہ اکثریت ملی اور وہ ملک کے 20 ویں اسپیکر منتخب ہوگئے ایک ہی جمہوری حکومت کے دور میں دوسری بار اسپیکر منتخب  ہونا بھی ایک تاریخ بن گیا اور اس تاریخ کے امین بھی ایاز صادق ہیں یہ بھی پارلیمانی تاریخ میں دوسری بار ہوا ہے کسی ڈپٹی اسپیکر نے بطور  قائم مقام اسپیکر نئے اسپیکر کا انتخاب کروا کر ان سے حلف لیا۔ سردار ایاز صادق کی کامیابی یقینی تھی مگر اس کے باوجود وہ پیر کو بھی اپنے لئے لابنگ کرتے رہے اور اپنی مخالف تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی سے بھی ووٹ مانگتے نظر آئے۔ خاص کر ووٹ لینے کیلئے انہوں نے جس طرح پی ٹی آئی کے عارف علوی کا پیچھا کیا وہ ایک دلکش منظر تھا کہ ایاز صادق  ان کے پیچھے اور وہ آگے جا رہے تھے  تاہم اراکین قومی اسمبلی کو اس وقت حیرانگی ہوئی جب تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ایوان میں اپنے امیدوار کو ووٹ ڈالنے آئے تو صرف اپنی پارٹی کے چند اراکین سے ملے وہ انتہائی سنجیدہ  دکھائی دے رہے تھے ووٹ ڈالا اور چلتے بنے حتیٰ کہ انہوں نے قائم مقام اسپیکر سے ہاتھ ملانا بھی پسند نہ کیا جن سے ووٹ ڈال کر ہر رکن ہاتھ ملا رہا تھا عمران خان کی اس حرکت کو تمام اراکین نے نا پسند کیا۔

Tags: