سینٹرل جیل پر ممکنہ حملے سے نمٹنے کیلئے فرضی مشق کی گئی

November 10, 2015 5:24 pm0 commentsViews: 16

پولیس، رینجرز اور ایف سی اہلکاروں نے حصہ لیا، جیل کے اطراف کی سڑکیں بند، بدترین ٹریفک جام
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کسی بھی ہنگامی صورتحال یا حملے کی صورت میں پیش آنے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سینٹرل جیل میں مشق کی گئی اس دوران حفاظتی انتظامات کے تحت جیل کے اطراف میں روڈ کو عام ٹریفک کیلئے بند کردیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق جیل پر کسی حملے یا جیل کے اندر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سینٹرل جیل کراچی میں ریہر سل ہوئی۔ اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس رینجرز، ایف سی کے اہلکاروں نے بھی حصہ لیا اور جیل میں خدا نخواستہ کوئی حملہ ہوجائے یا پھر اندر کوئی ہنگامی صورتحال پیدا ہوجائے تو اس دوران ہونے والی افرا تفری پر کیسے قابو پاناہے اور فوری طور پر کیا اقدامات کرنے ہیں اس دوران وہاں پر اس کی ریہرسل ہوئی اور اطراف کی سڑکوں پر عام ٹریفک کی آمد و رفت روک دی گئی اور ٹریفک کو متبادل روٹس سے بھیجنے کی کوشش کی گئی تاہم ہر طرف سے سڑکیں بند کر دی گئیں تھیں اور دوسری سڑکوں پر کوئی پولیس اہلکار موجود نہیں تھا جس کے باعث متعدد مقامات پر گاڑیاں آمنے سامنے کھڑے ہوگئیں جس کے باعث بد ترین ٹریفک جام ہوگیا اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران لوگ ایک دوسرے سے یہی دریافت کرتے رہے کیا ہوا کیوں اس طرح تمام سڑکوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

Tags: