سانحہ صفورا، حتمی چالان کیلئے تفتیشی افسر کو آخری مہلت

November 10, 2015 5:38 pm0 commentsViews: 20

دو سہولت کار آپس میں سگے بھائی ہیں اور القاعدہ کے دہشت گرد ان کے گھر میں رہائش پذیر تھے، پولیس رپورٹ
ملزمان نے زاہد موتی والا کی دکان سے اسلحہ خریدا اور اس کے ذریعے لائسنس بھی بنوائے
کراچی(اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ صفورا کے حتمی چالان کیلئے تفتیشی افسر کو آخری مہلت دے دی۔تفصیلات کے مطابق پیر کوانسداد دہشت گردی کی عدالت میں سانحہ صفورا کیس کی سماعت ہوئی جس میں پولیس کی جانب سے کیس کی اب تک کی پیش رفت کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ سانحہ صفورا کے2سہولت کارسلطان قمر اور حسین عمر سگے بھائی ہیں اورالقاعدہ کے دہشت گرد ان کے گھر رہائش پذیر تھے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ حسین عمرنے2010میں داعش میں شمولیت اختیارکی جس کے کہنے پرنعیم ساجد نامی ملزم نے زاہد موتی والا کی دکان سے اسلحہ خریدا اور زاہد موتی والا کے ذریعے ہی اسلحے کے لائسنس بھی بنوائے گئے جس کے بعد اس اسلحے کو مرکزی ملزم سعد عزیز نے سانحے صفورا میں استعمال کیا۔عدالت میں پولیس کی جانب سے رپورٹ پیش کرنے پر معزز جج نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو آخری مہلت دیتے ہوئے حکم دیا کہ کیس کا حتمی چالان 22نومبر تک جمع کرایا جائے۔

Tags: