سیاسی مخالفین سمجھ لیں کراچی اور حیدر آباد کا میئر ایم کیو ایم کا ہی ہوگا خواجہ اظہار الحسن

November 10, 2015 5:48 pm0 commentsViews: 29

انتظامیہ اور سیاسی مخالفین ایم کیو ایم کے زیر اثر علاقوں میں انتخابی عمل پر انداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں
وزیر اعلیٰ سندھ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا‘ اگر ازالہ نہیں ہوا تو احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں‘ صحافیوں سے گفتگو
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین اور انتظامیہ ایم کیو ایم کے زیر اثر علاقوں میں انتخابی عمل میں اثر انداز ہونے کی کوشش کررہی ہے اور ایم کیو ایم کے 15روز میں 29کارکنوں کو گرفتا رکرلیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے،اگر تحفظات کا ازالہ نہیں کیا جاتا تو احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ شفاف انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں ۔فوج کی تعیناتی پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔انتخابات کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں تاکہ سانحہ خیرپور جیسے واقعات نہ ہوسکیں،تمام تر اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود سیاسی مخالفین سمجھ لیں کہ کراچی اور حیدر آباد کا میئر ایم کیو ایم کا ہی ہوگا،وہ پیر کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے،ایم کیو ایم کے وفد میں خواجہ اظہار الحسن ،سید سردار احمد ،ڈاکٹر صغیر احمد اور ارشدہ وہرہ شامل تھے ۔متحدہ کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات میں کراچی اور اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں ایم کیو ایم کے کارکنوںکی گرفتاریوں اور مختلف سیاسی جماعتوں کی انتظامیہ کی سرپرستی میں متحدہ کے زیر اثر علاقوں میں پارٹی کی انتخابی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے سمیت دیگر تحفظات سے آگاہ کیا اور وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ اس صورت حال کا نوٹس لیا جائے اور بے گناہ کارکنوںکی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جائے ۔کراچی اور دیگر اضلاع میں ہونے والے انتخابات میں ایم کیو ایم کو آزادانہ انتخابی مہم چلانے دی جائے ۔وزیر اعلیٰ سندھ ایم کیو ایم کے سندھ اسمبلی میں واپسی پر مبارکباد دی اور ایم کیو ایم کے تحفظات کو غور سے سنا اور قانون کے مطابق اس کے ازالے کی یقین دہانی کرائی ۔بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ سیاسی مخالفین ایم کیو ایم کو انتخابات سے دور رکھنے کے لیے سازشیں کررہے ہیں ۔ایم کیو ایم کے زیر اثر علاقوں میں پارٹی کو انتخابی مہم چلانے سے روکنے کے لیے کارکنوں کی گرفتاریاں کی جارہی ہیں ۔یہ عمل انتخابات پر اثر انداز ہونے کے مترادف ہے ۔

Tags: