کراچی اسٹاک مارکیٹ میں غیرقانونی کاروبار کیخلاف سخت ایکشن

November 11, 2015 5:54 pm0 commentsViews: 30

دفاتر میں کوئی کاروبار نہیں ہوسکتا،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، انتظامیہ کی ہدایت
کراچی اسٹاک مارکیٹ کی بلڈنگ سے فاریکس کمیٹی کے اہلکار اور چاول ایکسپورٹر گرفتارہوچکے ہیں
کراچی( اسٹاف رپورٹر)کراچی اسٹاک مارکیٹ کی انتظامیہ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ اسٹاک مارکیٹ کی بلڈنگ کے دفاتر انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کسی اور بزنس کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق کراچی اسٹاک مارکیٹ کی انتظامیہ نے ایک سخت قدم اٹھاتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ انتظامیہ کی منظوری کے بغیر بلڈنگ کے دفاتر سے کوئی اور کاروبار نہیں کیا جا سکتا ۔دفاتر صرف قانونی کاروبار کے لیے استعمال ہونگے اور قواعد و ضوابط کی پاسداری نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کے ایس ای انتظامیہ نے ممبران کی شکایات ملنے کے یہ ایکشن لیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ایس ای بلڈنگ میں موجود دفاتر کا غلط استعمال کرنے کی شکایات موصول ہوئیں تھیں۔گزشتہ ماہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کے ایس ای بلڈنگ میں کارروائی کی تھی اور غیرقانونی کاموں میں ملوث فاریکس کمپنی کے اہلکاروں کو گرفتار کیا گیاتھا جبکہ اکتوبر میں ایک اور کارروائی کے دوران غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ایک چاول کے ایکسپورٹر کو بھی گرفتار کیا گیا۔ان واقعات کے بعد انتظامیہ نے ہدایات جاری کیں کہ کے ایس ای بلڈنگ میں دفاتر کا استعمال صرف سکیورٹی بزنس اور بروکریجز ہاوسز کے لیے کیا جائے۔

Tags: