مجھ پر بھی رنگ پھینکیں یہ محبت کی علامت ہے سب کا وزیراعظم ہوں! ظالم کیخلاف ایکشن لوں گا‘نواز شریف

November 12, 2015 7:33 pm0 commentsViews: 23

پاکستان میں رہنے والے ہر شخص کو مساوی حقوق حاصل ہیں‘ قوم میں اتحاد اور اتفاق پیدا کرنا میرا مشن ہے
اقلیتی برادری کا تحفظ کریں گے‘ کراچی کے ہوٹل میں دیوالی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے وزیراعظم نواز شریف کا خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اسلام سمیت تمام مذاہب مظلوم کا ساتھ دینے اور ظالم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا پیغام دیتے ہیں ۔ حکومت مظلوم کے ساتھ اور ظالم کے خلاف ہے ۔پاکستان میں رہنے والے ہر شخص کو یکساں اور مساوی حقوق حاصل ہیں۔میں کسی ایک کا نہیں بلکہ سب کا وزیر اعظم ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ ظالم کے خلاف ایکشن لوں گا اور مظلوموں کا ہمیشہ ساتھ دوں گا۔ قوم میں اتفاق اور اتحاد پیدا کرنا میرا مشن ہے ۔اقلیتی برادری پاکستان کا حصہ ہیں ۔ ان کے حقوق کا تحفظ کریں گے ۔ اقلیتی برادری اپنے مذہبی تہوار اور خوشیوں میں تمام مذاہب کے لوگوں کو شریک کریں ۔ تمام مذاہب کے لوگ ہم آہنگی کو فروغ دیں ۔ اگر ہم ایک دوسرے کے غم بانٹیں گے اور خوشیوں میں شریک ہوں گے تو بھائی چارگی ، اخوت اور امن کا پیغام عام ہو گا اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو مقامی ہوٹل میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ منارٹی ونگ کے تحت ہندوؤں کے مذہبی تہوار دیوالی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ، سینیٹر مشاہد اللہ خان ، سندھ کے وزیر برائے اقلیتی گیان چند ایسرانی مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر اسماعیل راہو ، سیکرٹری نہال ہاشمی ، شاہ محمد شاہ ، ڈاکٹر شام سندر ایڈوانی ، کھیل داس کوہستانی اور دیگر موجود تھے ۔ تقریب میں شرکت کے لیے جب وزیر اعظم ہال میں پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان کے حق میں نعرے بازی کی گئی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آپ سب کو دیوالی کی خوشیاں مبارک ہوں ۔ آج ہندو برادری اپنا مذہبی تہوار منا رہی ہے ۔ میں آپ کی خوشیوں میں شریک ہوں ۔ میں اپنے ہندو دوستوں سے گلہ کرتا تھا کہ مجھے بھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں ۔ آج میں آپ کے درمیان موجود ہوں ۔ میں چاہتا ہوں کہ آپ مجھے ہولی میں بھی بلائیں ، مجھ پر رنگ پھینکیں ، یہ رنگ محبت کی علامت ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مسلمان ، سکھ ، ہندو ، عیسائی ، پارسی سمیت تمام مذاہب کے لوگ اس ملک کا حصہ ہیں ۔

Tags: