ماڑی پور ٹرک اڈے پر 247 سرکاری پلاٹوں پر ٹرانسپورٹ مافیا کا قبضہ
کے ایم سی کیماڑی کے ڈائریکٹر لینڈ نے کروڑوں روپے مالیت کے پلاٹ غیر قانونی طور پر لاکھوں روپے میں فروخت کردیئے
پلاٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والا پیسہ بھتہ مافیا اور جرائم پیشہ افراد کو بھی فراہم کیا گیا‘ مافیا کے خلاف مقدمہ درج
کراچی( کرائم ڈیسک) ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ پر648 میں سے 247 سرکاری پلاٹوں پر ٹرانسپورٹرمافیا قابض ہے۔ کے ایم سی کیماڑی کے ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ نے کروڑوں روپے کے پلاٹ فروخت کئے ہیں جس کا پیسہ بھتہ مافیا اور جرائم پیشہ افراد کو فراہم کیا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن نے عدالتی احکامات پر 43 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 247 پلاٹوں پر قابض ٹرانپورٹ مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا۔ گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کوملی بھگت سے ٹرک پارکنگ، کار پارکنگ، گرین بیلٹ ٹوائلٹ اور پولیس اسٹیشن کے پلاٹوں کو فروخت کیا تھا۔ پلاٹوں کی رقم کا بڑا حصہ بھتہ خوروں کو دیا گیا تھا، اینٹی کرپشن نے سہولت کاروں اور مافیا کے ناموں کی رپورٹ مکمل کرلی جلد بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا امکان ہے۔