پہلا ون ڈے،پاکستانی شاہینوں نے انگلینڈ کو 6وکٹوں سے پچھاڑ دیا

November 12, 2015 7:42 pm0 commentsViews: 23

محمد حفیظ نے شاندار سنچری یونس خان کے نام کردی، مین آف دی میچ قرار، یونس خان ون ڈے سے ریٹائرڈ ہوگئے
انگلش ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی بائولرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکی اور 216 پر ڈھیر ہوگئی
ابو ظہبی( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے محمد حفیظ اور بابر اعظم کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ کو ایک روزہ میچ میں6 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں1-0 کی برتری حاصل کر لی، تاہم یونس خان ون ڈے کیریئر کا آخری اور 216 واں میچ یادگار نہ بنا سکے اور صرف9 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔ کامیابی کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے یونس خان کو خراج تحسین پیش کیا۔ مین آف دی میچ محمد حفیظ نے اپنی سنچری بھی ان کے نام کر دی جب کہ کپتان اظہر علی نے کہا کہ ہم سب یونس خان کو یاد کریں گے۔ قبل ازیں ابو ظہبی میں ٹاس جیت کر انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو انتہائی غلط ثابت ہوا۔ صرف19 رنز پر 3 وکٹیں گر گئیں۔ کپتان مورگن 76 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے تو انگلش ٹیم سنبھل نہ سکی اور216 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بائولر رہے جب کہ شعیب ملک اور انور علی نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔

Tags: