کراچی‘2 اہم دہشتگرد اپنے حفاظتی دستے سمیت گرفتار

November 16, 2015 5:10 pm0 commentsViews: 21

دونوں کالعدم تنظیموں کے نامور کمانڈر مانے جاتے ہیں‘ ملزمان ملک کے سرحدی علاقوں میں فورسز پر حملوں میں بھی ملوث ہے
دہشت گردوں کی حفاظتی پر مامور حفاظتی دستے کو بھی گرفتار کرلیا گیا‘ دونوں ملزمان خودکش حملوں کی تربیت بھی دیتے تھے
کراچی( نیوز ڈیسک) حساس اداروں نے ملک بھر بالخصوص کراچی میں دہشت گردی کے بڑے واقعات سے جڑے 2 اہم دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ بم دھماکوں اور خود کش حملوں کیلئے لڑکوں کی تیاری کے علاوہ اسلحہ چلانے اور بم بنانے کی تربیت بھی فراہم کرتے رہے ہیں۔ بھتہ خوری اور بینک ڈکیتیوں سے حاصل ہونے والے کروڑوں روپے بھی بیرون ملک منتقل کئے ہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ایک دہشت گرد کو اورنگی ٹائون اور دوسرے کو اس کی نشاندہی پر سرجانی ٹائون سے حراست میں لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اور رینجرز پر حملوں کے ساتھ ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگ بھی ان ہی کے حکم سے کی گئی تھی۔ انتہائی با خبر ذرائع کے مطابق ملکی سلامتی پر مامور ایک حساس ادارے نے طویل جدوجہد اور کئی ماہ کی ریکی کے بعد ان دہشت گردوں کو حراست میں لیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ زیر حراست دہشت گردوں کی حفاظت پر مامور ایک دستے کو بھی خفیہ آپریشن میں حراست میں لیا گیا ہے جن کی تعداد8 سے زائد بتائی جاتی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ زیر حراست دہشت گرد2 الگ الگ کالعدم تنظیموں کے نامور کمانڈر مانے جاتے ہیں اور ملک کے سرحدی علاقوں میں فورسز پر حملے کرنے کے ساتھ انتہائی تربیت یافتہ بھی ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں نے شہر کے مضافاتی پہاڑی علاقوں میں عارضی تربیت کیمپ بنائے ہوئے ہیں جہاں پر تمام تربیت صرف 3 روز میں کروانے کے بعد ایک خفیہ ٹھکانے میں مزید تربیت دیتے تھے۔ ذرائع نے کہا کہ بھتہ خوری اور بینک ڈکیتیوں سے حاصل ہونے والے کروڑوں روپے بھی بیرون ملک کے ساتھ سرحدی علاقوں میں منتقل کئے ہیں۔

Tags: