پیپلز پارٹی سرکاری مشینری کے ذریعے بلدیاتی الیکشن جیتنا چاہتی ہے‘ متحدہ

November 16, 2015 5:28 pm0 commentsViews: 19

سندھ کو مسائلستان بنادیا گیا ہے‘ متحدہ بلدیاتی الیکشن جیت کر سندھ بھر میں ترقیاتی کام کرائے گی‘ فاروق ستار
الیکشن کمیشن عوام کو حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے آزادانہ ماحول فراہم کرے‘ میرپور خاص میں پریس کانفرنس سے خطاب
میر پور خاص( نیوز ایجنسیاں) متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ کو مسائلستان بنا دیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی سرکاری مشینری کے ذریعے بلدیاتی انتخابات جیتنا چاہتی ہے الیکشن کمیشن نوٹس لے، ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات جیت کر کراچی سمیت سندھ بھر میں ترقیاتی کام کرے گی۔ اتور کو مہاجر کالونی گرائونڈ میر پور خاص میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات7 سال قبل ہونا تھے جس میں تاخیر کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ہے اور اخلاقی طور پر پیپلز پارٹی کو اس میں حصہ نہیں لینا چاہئے تھا۔ الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لیتے ہوئے عوام کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا آزادانہ ماحول فراہم کرے، اگر پولنگ کے موقع پر کسی بھی طریقے سے عوام کو ان کے ووٹ دینے کے حق سے محروم رکھا گیا تو عوامی رد عمل بھی سامنے آسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر ابھی بھی ہے کہ ایم کیو ایم کو میدان چھین کر کسی اور کو دینے کی سازش کی جا رہی ہے۔ ایم کیو ایم آج بھی عوام کے دلوں میں موجود ہے جس کا ثبوت کراچی میں ہونے والا قومی اسمبلی کا ضمنی انتخاب اور کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابی نتائج ہیں۔

Tags: