دہشت گردوں کیخلاف جنگ پوری قوم کی ہے، ڈی جی رینجرز

November 18, 2015 5:09 pm0 commentsViews: 32

ہرایک سپاہی کا عزم ہے کہ اس ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو، میجرجنرل بلال اکبر کی گورنر سندھ سے بات چیت
آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، گورنر کا دہشت گردی کیخلاف کی جانے والی کارروائیوں پر اطمینان کااظہار
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے منگل کو گورنر ہائوس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی، اس موقع پر نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اس بات کا عزم کیا گیا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ گورنر نے دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں واضح حد تک کمی آئی ہے اور عوام کا اعتماد قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً رینجرز پر بڑھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً رینجرز نے عوام میں تحفظ کا احساس بیدار کرکے اہم کارنامہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ عسکری اداروں کے ساتھ پوری قوم کا عزم ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت شروع ہونے والا یہ آپریشن آخری دہشت گرد اور جرائم پیشہ افراد کے خاتمے تک جاری رہے تا کہ مستقل میں کسی دہشت گرد کو سر اٹھانے کا موقع نہ مل سکے۔ اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف یہ جنگ پوری قوم کی جنگ ہے۔ اور رینجرز اس میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک سپاہی کا یہ عزم ہے کہ اس ملک میں دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ہو۔ ڈی جی رینجرز صوبے بھر میں سیکورٹی کیلئے کئے جانیوالے اقدامات سے گورنر کو آگاہ کیا اور کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے موقع پر رینجرز نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ملکر فول پروف اقدامات کئے جائیں اور کسی بھی جرائم پیشہ کو قانون ہاتھ میں لینے سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

Tags: