پیپلزپارٹی کو الیکشن نہیں جیتنے دونگا،ذوالفقار مرزا

November 18, 2015 5:15 pm0 commentsViews: 44

بدین میں100لوگوں کو قتل کرنے کی دھمکیاں دینے والے سن لیں، ایک آدمی بھی قتل ہوا تو ذمہ دار کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے، وزیرداخلہ انور سیال
بلدیاتی الیکشن میں پیپلزپارٹی کو شکست دے دی تو اس میںموجود قابض ٹولے کا خاتمہ ہوجائے گا، بدین میں سرکاری مشینری استعمال کی جارہی ہے، اس کے باوجود 60نشستیں حاصل کروں گا، سابق وزیر داخلہ سندھ کا دعویٰ
ذوالفقار مرزا پارٹی سے نکلنے کے بعد فرسٹریشن کا شکار ہیں، پیپلزپارٹی پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئی، (نثار کھوڑو)میں صوبے کا وزیرداخلہ ہوں میرا کام امن قائم کرنا ہے، لوگوں کوقتل کرانا نہیں، فہمیدہ مرزا الزامات لگا رہی ہیں، انور سیال
بدین( مانیٹرنگ ڈیسک) بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کل اندرون سندھ بدین شہر میں ہونیوالے انتخابات خاص توجہ کا مرکز بن گئے‘ اس شہر میں پیپلز پارٹی کے منحرف رہنما ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کا اپنی سابقہ جماعت پیپلز پارٹی کے امید وار سے مقابلہ ہے‘ ذوالفقار مرزا کا کہنا ہے کہ میںپیپلز پارٹی کا بنیادی رکن ہوں اور یہ عہدہ مجھ سے کوئی نہیں چھین سکتا ‘بلدیاتی الیکشن میںتیر کے نشان پر انتخاب نہیں لڑرہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کو بلدیاتی الیکشن میں شکست دیدی تو اس میں موجود قابض ٹولے کا خاتمہ ہوجائیگا‘ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار مرزا نے کہا کہ بدین میں سرکاری مشینری استعمال کی جارہی ہے لیکن دھاندلی کے باوجود پیپلز پارٹی کونہیں جیتنے دوں گا‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 60نشستیں حاصل کروں گا۔ میں نے بدین میں بلاول بھٹو کا ہر جگہ استقبال کرایا ذوالفقار مرزا نے کہا کہ غدار قرار دیئے جانے پر افسوس ہوا‘ اپنے گھر میں گھسنیوالوں کو مٹھائی تو نہیں کھلا سکتا‘ پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے کہا کہ ذوالفقار مرزا پارٹی سے نکلنے کے بعد فرسٹریشن کا شکار ہیں بدین میں دیگر جماعتوں کے ساتھ اتحاد کے باوجود تمام نشستوں پر امید وار بھی نہیںمل سکے‘ پیپلز پارٹی پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئی ہے بلاول بھٹو اب خود میدان میں ہیں کسی میں ہمت ہے تو آکر مقابلہ کرے گالیوں کا مقابلہ نہیں کریں گے‘ بلاول بھٹو کے تو خون میں سیاست رچی ہونی چاہئے‘ آمروں کے سپورٹر اسے سیاست سکھانے کی بات نہ کریں‘ تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنے دور میں جو کارکردگی دکھائی اس کا نتیجہ بھگت رہی ہے۔دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے‘ بدین میں100 لوگوں کو قتل کرنے کی دھمکیاں دینے والے کان کھول کر سن لیں کہ اگر ایک آدمی بھی قتل ہوا تو ذمہ دار کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے‘ ایم این اے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا مجھ پر غلط الزام لگارہی ہیں‘ وزیر داخلہ ہوں‘ میرا کام امن قائم کرانا ہے‘ نہ کہ لوگوں کو قتل کرانا‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی شام ایس ایس پی آفس بدین میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بدین کو انتہائی حساس قرار دیئے جانے کے بعد 450 رینجرز اہلکار 4ہزار پولیس اہلکار اور پاک آرمی کی4 کمپنیاں دوران الیکشن امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے فرائض انجام دیںگی‘دریں اثناء صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کی زیر صدارت بلدیاتی الیکشن کے پر امن انعقاد کے سلسلے میں بدین میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ جس میں ڈی آئی جی حیدر آباد خادم حسین رند‘ ڈی آئی جی نواب شاہ فرحت حسین جونیجو سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر بدین میں پولنگ کے موقع پر سیکورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا ‘ وزیر داخلہ نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

Tags: