جعفرایکسپریس کی 8بوگیاں پٹری سے اتر گئیں،22مسافر ہلاک

November 18, 2015 5:46 pm0 commentsViews: 381

جاں بحق افراد میں انجن کا ڈرائیور،اسسٹنٹ ڈرائیور، پولیس اہلکار اور 2سگے بھائی شامل ہیں
حادثہ انجن فیل ہونے کے باعث پیش آیا، 8بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، انجن مکمل طور پرتباہ، ریلوے انتظامیہ اور لیویز نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا
کوئٹہ( نیوز ڈیسک) بلوچستان کے علاقے بولان میں آب گم کے قریب کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس کے انجن کے بریک فیل ہونے کے باعث 8 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں‘ حادثے میں انجنڈرائیور‘ اسسٹنٹ ڈرائیور ‘ پولیس اہلکار اور 2سگے بھائیوں سمیت 22 افراد جاں بحق جبکہ150 کے قریب زخمی ہوگئے جنہیں کوئٹہ کے سول اسپتال اور سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا‘ حادثے میں ٹرین انجن مکمل طو رپر تباہ ہوگیا جبکہ بوگیوں کو بھی نقصان پہنچا‘ اطلاع ملتے ہی ریلوے انتظامیہ اور لیویز سمیت امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح9بوگیوں پر مشتمل جعفر ایکسپریس300سے زائد مسافروں کو لے کر راولپنڈی کیلئے روانہ ہوئی تھی آ گم کے پہاڑی کے علاقے میں انجن کے اچانک بریک فیل ہونے پر ٹرین اوور شوٹ ہوگئی جس کے بعد ڈرائیور اسے ریلوے ٹریک سے کیچ سلپ سائڈنگ پر لے گیا تاہم رفتار زیادہ ہونے کے باعث ٹرین انجن اور بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں‘ ڈرائیور محمد ایوب ‘فائر مین وسیم اقبال‘ ڈیزل فٹرمین محمد امین رئیسانی‘ شنٹر قمر عباس‘ چارج مین سبی رضوان جبکہ مسافروں میں محمد یوسف‘ فضل الدین‘ عبدالقیوم ‘بی بی صفیہ‘ بی بی مکہ‘2بھائی کاشف وسیم اور محمد اسماعیل موقع پر جاں بحق ہوگئے‘65 سے زائد زخمیوں کوا یمبولینسوں کے ذریعے مچھ جبکہ27 زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ سی ایم ایچ منتقل کیا گیا۔

Tags: