موبائل مارکیٹ میں لوٹ مار کرنے والے2 ملزمان مقابلے کے بعد گرفتار ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

November 18, 2015 5:50 pm0 commentsViews: 20

قصبہ موڑ سے ایک ملزم گرفتار دو فرار، نیپئر پولیس نے مقابلے کے دوران فرار ہونے والوں کو گرفتار کرلیا
کراچچ( کرائم رپورٹر)پریڈی پولیس کا گشت کے دوران صدر موبائل مارکیٹ کی عقبی گلیوں میں شہریوں سے لوٹ مارکرنے والے دو ملزمان سے ٹکرائو ہوگیا،ایس ایچ او یاسین گجر کے مطابق اس دوران دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ملزموں ندیم اوراور زاہدکو زخمی حالت میں گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا،دونوں زخمیوں کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔ پیرآباد پولیس کا قصبہ موڑ پر لوٹ مارکرنے والے تین ملزمان سے ٹکرائو ہوگیا ،فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم اورنگزیب کو پولیس نے گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کرلی،جبکہ ملزم کے دو ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔نیپئرپولیس نے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم واناش عرف حوا کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا،پولیس کے مطابق گرفتار ملزم گرشتہ روز مقابلے کے دوران فرار ہوگیا تھا جسے آج اس کے گرفتار ساتھیوں کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا ہے۔

ٹارگٹڈ آپریشن کی17 وارداتوں میں ملوث سپاہ صحابہ کا کارکن گرفتار
گولیمار سے گرفتار ہونے والے ٹارگٹ کلر ظہیر احمد عرف پیالہ نے 6 پولیس اہلکاروں کے قتل کا اعتراف کر لیا
رینجرز نے ناردرن بائی پاس آنسو گوٹھ، برنس روڈ اور دیگر علاقوں سے27 ملزمان کو گرفتار کر لیا، اسلحہ بر آمد
کراچی (کرائم رپورٹر)رینجرزاہلکاروںنے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈآپریشن اور چھاپے کے دوران 17افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم سپاہ صحابہ کلر، سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ،گینگ وار کارندے اور بھتہ خور سمیت28کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔تفصیلات کے مطابق رینجرز اہلکاروں نے گولیمار کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلر ظہیر احمد عرف پیالہ ولد ظہور احمد کو گرفتار کر لیا،ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتارکلر کا تعلق کالعدم سپاہ صحابہ سے ہے اور اس نے دوران تفتیش6پولیس اہلکاروں سمیت ٹارگٹ کلنگ کی17وارداتوں کا انکشاف کیا ہے،ملزم نے مزید 9افراد کے نام بھی بتائے ہیں جو اسکے اگلے ہدف تھے،ترجمان کے مطابق کلر قتل کرنے کی ایڈوانس رقم بھی لے چکا تھا ،جسے 90روز کے ریمانڈ پر مزید تفتیش کیلئے رینجرز حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ جبکہ رینجرزاہلکاروں نے انٹیلی جنس اطلاعات پرناردرن بائی پا س،آنسو گوٹھ،ملا عیسیٰ گوٹھ،برنس روڈ اور بھٹائی آباد میں ٹارگٹڈآپریشن کے دوران 27ملزمان کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا،ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے بھتہ خور اور لیاری گینگ وار کارندے شامل ہیں۔

اردو بازار،جعلی میڈیکل کتابیں چھاپنے میں ملوث2پبلشرز گرفتار
ایف آ ئی اے اینٹی کرپشن سرکل کے چھاپے میں سینکڑں کتابوں کی نقول بھی برآمد، مزید تفتیش شروع
الکرم اسکوائر میں چوری کی بجلی سے مولڈنگ فیکٹری چلانے والا ملزم کاشف گرفتار، عمارت کے مالک کو بھی حراست میں لے لیا گیا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے 2 مختلف کارروائیوں میںمیڈیکل کتابوں کی سرقہ نویسی میں ملوث2 پبلشرز اور لاکھوں روپے کی بجلی چوری میںملوث فیکٹری مالک کو گرفتار کرلیا‘ اردو بازار سے گرفتار پبلشر سے سینکڑوں کتابوں کی نقول بھی برآمدکرلی گئیں‘ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر خالد جمیل کی سربراہی میں سب انسپکٹر ایس ایل کے شہباز پر مشتمل ٹیم نے اردو بازار میں کارروائی کرتے ہوئے میسرز جاوا بک لینڈ اور میسر سپنا بکس نامی دکانوں سے پائریٹڈ میڈیکل کتب کی ایک بڑی تعداد برآمد کرلی‘ ایف آئی اے ٹیم نے پائریٹڈ کتب کی اشاعت میں ملوث محمد سلمان اور یاسر علی نامی پبلشرز کو بھی گرفتار کرلیا‘ کارروائی مذکورہ کتابوں کے کاپی رائٹ حقوق کی حامل میسرز روئنگ کے منیجر جاوید اقبال کی شکایت پر کی گئی‘ دوسری کارروائی میں ایف آئی اے اینٹی پاور تھیفٹ یونٹ کے سب انسپکٹر شبیر چانڈیو اور رائو اکرم پر مشتمل ٹیم نے الکرم اسکوائر میں چوری کی بجلی سے مولڈنگ فیکٹری چلانے والے ملزم کاشف کو گرفتار کرلیا۔ ٹیم کے مطابق ملزم2برس سے چوری کی بجلی سے فیکٹری چلانے میں ملوث ہے‘ جبکہ اس ضمن میں قومی خزانے کو ہونیوالے نقصان کی مالیت 15لاکھ سے زائد بتائی جاتی ہے‘ تینوں ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں‘ ذرائع کے مطابق کارروائی میں ایف آئی اے تیم نے فیکٹری کی عمارت کے مالک ثاقب کو بھی حراست میں لیا تھاتاہم اسکی جانب سے کرایہ داری کا معاہدہ پیش کرنے پر اسے رات گئے رہا کرنے کی کارروائی جاری تھی۔

تاجروں سے بھتہ مانگنے والا گرفتار، موبائل فون بر آمد
ملزم نے دو تاجروں سے 25 ہزار اور ایک خاتون سے ایک لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا
ایزی پیسہ کے ذریعے رقم منگواتا تھا، بھتے کی طلبی کیلئے استعمال ہونے والی سم بھی بر آمد کرلی گئی
کراچی (کرائم رپورٹر)کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ پولیس کا مچھرکالونی میں مبینہ مقابلہ لیاری گینگ وار فرید ٹنڈا گروپ کا کارندامارا گیا ، ملزم قتل، بھتہ خوری سمیت دیگر وارداتوں میں پولیس کومطلوب تھا۔تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کے انچارج مظہر مشوانی نے ایک اطلاع پرپولیس پارٹی کے ہمراہ ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی میں ایک مقام پر چھاپہ مارا،جہاں مبینہ طور پردوبدو فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ دیگر ملزمان فرار ہوگئے،پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوئے،جس کی شناخت اختر عرف کالیا پٹھان کے نام سے ہوئی،ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار کے فرید ٹنڈا گروپ سے بتایا جاتا ہے جو علاقے میں خوف کی علامت تھا،پولیس کے مطابق ملزم قتل ،اقدام قتل ،بھتہ خوری سمیت دیگرسنگین جرائم کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا،جس کی لاش کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردی گئی، جبکہ مذکورہ گروہ کا سرغنہ چند سال قبل پولیس سے مقابلے کے دوران مارا جا چکا ہے۔

 

Tags: