سندھ کے 8 اضلاع کی 81 یونین کونسل میں الیکشن ملتوی

November 19, 2015 3:07 pm0 commentsViews: 50

عدالتی فیصلے کی روشنی میں انتخابات ملتوی کئے گئے ہیں‘ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائیگا‘ سیکریٹری الیکشن کمیشن
آج تھر پارکر کی 6 نوشہروفیروز کی 17 میرپور خاص ڈویژن کی 25 اور حیدر آباد کی 24 یونین کونسلوں میں الیکشن نہیں ہوںگے
اسلام آباد( نیوز ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے نئی حلقہ بندیاں کالعدم قرار دینے پر سندھ کے8 اضلاع کی81 یونین کونسلوں میں آج ہونے والے انتخابات ملتوی کر دئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کے زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں سندھ کے8 اضلاع کی81 یونین کونسلوں میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے کی روشنی میں اجلاس میں کچھ فیصلے کئے گئے جس کے تحت سندھ کی81 یونین کونسلوں میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کئے گئے ہیں۔ ان میں تھر پار کر 6، نوشہرو فیروز17 ، میر پور خاص ڈویژن25، بدین4، حیدر آباد24 ، اور سانگھڑ کی5 یونین کونسلز شامل ہیں۔ یہاں15 روزکے اندر دوبارہ حلقہ بندیاں کی جائیں گی اور سندھ حکومت سے کہا جائے گا کہ وہ اس حوالے سے قوانین کے تحت کارروائی کرے۔

میرپورخاص،الیکشن ملتوی ہونے پر عملے سے معاوضہ بھی واپس مانگ لیا
تحصیل شجاع آباد سے عملے کو سامان سمیت واپس بلالیا گیا، دی گئی رقم واپس لے لی
میر پور خاص( مانیٹرنگ ڈیسک) میر پور خاص کی تحصیل جاع آباد میونسپل کمیٹی کے بلدیاتی انتخابات ملتوی ہونے پر ڈیوٹی پر بھیجے گئے عملے کو انتخابی سامان سمیت واپس بلا کر معاوضہ واپس لے لیا گیا۔ امیدواروں سمیت عوام میں بھی مایوسی کی لہر دوڑ گئی۔ امیدواروں کا کہنا ہے کہ دوسری بار نامزدگی فارم کے ساتھ فیس جمع کرائی تھی، جو ضائع ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر سعید گل کے احکام کے بعد تحصیل میں مایوسی کی فضاء ہے۔

Tags: