ٹرک میں سیب کی پیٹیوں سے 1135 کلو منشیات برآمد،ڈرائیور گرفتار ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

November 19, 2015 3:52 pm0 commentsViews: 21

کروڑوں مالیت کی منشیات بلوچستان سے کراچی اسمگل کی جارہی تھی، اے این ایف نے حب روڈ یونس گوٹھ کے قریب کارروائی کے بعد تحویل میں لے لی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے حب ریور روڈ پر کارروائی کے دوران ٹرک سے سیب کی پیٹیوں میں چھپائی گئی11 سو 35 کلو منشیات بر آمد کرکے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق اے این ایف سندھ نے حب ریور روڈ پر یوسف گوٹھ بس ٹرمینل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ٹرک سے بھاری مقدار میں منشیات بر آمد کرلی۔ اینٹی نارکوٹکس فورس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائی میں گیارہ سو پینتیس کلو گرام حشیش بر آمد ہوئی ہے جو سیب کی پیٹیوں میں چھپائی گئی تھی منشیات کی بھاری مقدار بلوچستان سے کراچی اسمگلنگ کی کوشش کی جا رہی تھی۔

کراچی میں ایف آئی اے نے 7 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کرلیا
زیرحراست افراد میں ٹریول ایجنٹ شامل،90 پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات برآمد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزارت داخلہ کی خصوصی ہدایت پر ایف آئی اے کے انسداد اسمگلنگ سیل نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے 7ملزمان کو گرفتا رکرلیا ہے ۔جبکہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 90کے قریب پاسپورٹ بھی برآمد ہوئے ہیں ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے بڑے پیمانے پر انسانی اسمگلنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے کو ہدایت کی تھی کہ انسانی اسمگلروں اور ان عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے جو بیرون ملک پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔گرفتار افراد میں ٹریول ایجنٹس شامل ہیں۔

شہر بھر میں چھاپے اور آپریشن ٹارگٹ کلرز سمیت 16 ملزمان گرفتار
رینجرز کا نارتھ ناظم آباد‘ جونیجو کالونی‘ اورنگی ٹائون اور شاہ فیصل میں ٹارگٹڈ آپریشن چھ ٹارگٹ کلروں کو حراست میں لے لیا
جوہر آباد پولیس نے بینک سے رقم لے کر نکلنے والوں سے لوٹ مار کرنے والے دو ملزمان کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا دیگر علاقوں سے بھی گرفتاریاں
کراچی(کرائم رپورٹر)رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے ،ٹارگٹڈآپریشن اور مقابلے کے بعد کالعدم اور سیاسی تنظیم کے مبینہ ٹارگٹ کلر و چار زخمیوں سمیت16ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق رینجرز انٹیلی جنس نے شہر کے مختلف علاقوں نارتھ ناظم آباد ،جونیجوکالونی ،اورنگی ٹائون ،کورنگی اور شاہ فیصل کالونی میں ٹارگٹڈآپریشن کے دوران کالعدم تنظیم اور سیاسی تنظیم سے تعلق رکھنے والے 6ٹارگٹ کلروں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ،رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش کی جارہی ہے ۔ جوہر آباد پولیس نے فیڈرل بی ایریا بلاک 14 جاوید نہاری کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد دو ملزمان تاج علی اور چمن خان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، ایس ایچ او ذوالفقار حیدر کا کہنا ہے کہ ملزمان بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو اسلحہ کے زورپر روک کر ان سے لوٹ مار کی وارادتیں کرتے ہیں ، ملزمان مذکورہ مقام پر واقع بینک کے باہر ہوٹل پر بیٹھے ہوئے تھے اور بینک سے نکلنے والے شہری کو اسلحہ کے زور پر لوٹ رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ کردی ، پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو ملزمان زخمی ہوگئے جبکہ تین ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، پولیس گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کررہی ہے ۔ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ کی ہدایت پرخواجہ اجمیرنگری پولیس نے منگھوپیرکے علاقے پائپ فیکٹری کے قریب لال زادہ اورخمیرخان عرف صوفی کے منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے6 منشیات فروش آصف،بخت اللہ،اجمل،توقیر،عزیزاورسخی مسعود کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے تین کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمدکرلی۔محمودآباد پولیس نے ناز بریانی سینٹر کے قریب لوٹ مار کرنے والے ملزم ظاہر خان کو گرفتار کرلیا ،پولیس کے مطابق ملزم منشیات فروشی کے ساتھ لوٹ مار کی وارداتیں بھی کرتا تھا ۔اسپشلائز انویسٹی گیشن پولیس نے بھینس کالونی موڑ کے قریب مقابلے کے بعد زخمی حالت میں ملزم خان محمد عرف خانو کو گرفتار کرکے اسلحہ اور چھینی ہوئی کار برآمد کرلی جبکہ ا سکے دو ساتھی فرارہوگئے ،پولیس کے مطابق ملزمان نیشنل ہائی وے اور سپر ہائی وے پر مسافر اور مال بردار گاڑیوں میں لوٹ مار کرتے تھے ۔

گرفتار موٹرسائیکل لفٹر نے 15افراد کے قتل کا اعتراف کرلیا
پاپوش نگر سے گرفتار ملزم کا تعلق سنی تحریک سے ہے، پولیس مزید پوچھ گچھ کررہی ہے
کراچی (کرائم رپورٹر) اینٹی کارلفٹنگ سیل پولیس نے پاپوش نگر کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکل لفٹر ندیم عرف کوماکو گرفتارکرلیا،اے سی ایل سی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے انچارج اشتیاق غوری کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق سنی تحریک سے ہے ،جس نے ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 15 افراد کو ٹارگٹ کرکے قتل کرنے کے علاوہ اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم کا اعتراف کیاہے،معلوم ہواہے کہ گرفتار ملزم سنی تحریک کے مقتول رہنما جاوید عرف کاکا کابھائی ہے،ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

منی ایکسچینج پر چھاپہ، مالک سمیت3 افراد گرفتار
ملزمان نے حوالہ اور ہنڈی کے ذریعے کروڑوں کی کرنسی بیرون ملک بھجوائے ہیں، ایف آئی اے
آئی آئی چند ریگر روڈ پر صائمہ ٹاور پر واقع ڈی ڈی منی ایکسچینج چھاپے کے بعد سیل کر دیا گیا
کراچی (کرائم رپورٹر)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے آئی آئی چندریگر روڈ پر کارروائیاں کرکے حوالہ اور ہنڈی کے الزام میں 3افراد کو حراست میں لے لیا ہے ۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم نے بدھ کو آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع صائمہ ٹاور پر واقع ڈی ڈی ایکس چینج کمپنی کے دفتر پر چھاپہ مارکر 2افراد کو حراست میں لے لیا ہے ۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ایکس چینج کمپنی بغیر رجسٹریشن کے قائم کی گئی ہے ۔جبکہ اس کمپنی سے بڑے پیمانے پر رقم حوالہ اور ہنڈی کے ذریعہ بیرون ملک بھیجی جاتی ہے ۔گرفتار افراد میں کمپنی کا مالک سہیل دلارا بھی شامل ہے ۔ایف آئی اے نے ایک دوسری کارروائی میں صائمہ ٹاور میں ہی واقع ایک اور ایکس چینج کمپنی سے ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے ۔مذکورہ شخص پر بھی حوالہ اور ہنڈی کے ذریعہ رقم بیرون ملک منتقل کرنے کا الزام ہے ۔ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر میر اکرام نے گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تینوں افراد غیر قانونی طریقے سے رقم حوالہ اور ہنڈی کے ذریعہ بیرون ملک منتقل کرتے تھے ۔گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے ۔

 

Tags: