رینجرز اہلکار ہمارے انتخابی بینرز اور پرچم اتار رہے ہیں،فاروق ستار

November 23, 2015 2:08 pm0 commentsViews: 19

کراچی میںبلدیاتی انتخابات کے دن قریب آنے کے ساتھ ایم کیو ایم کے ذمہ داران اور کارکنان کی گرفتاریوں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے
وزیراعظم، وفاقی وزیرداخلہ، وزیراعلیٰ سندھ اور ڈی جی رینجرز سندھ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی سازشیں ناکام بنائیں، پریس کانفرنس
کراچی( اسٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی میںحق پرست پارلیمانی لیڈر اور ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کا دن قریب آنے کے ساتھ ساتھ انتخابی سرگرمیوں میں مصروف ایم کیو ایم کے کارکنان اور ذمہ داران کی بلا جواز گرفتاریوں کا سلسلہ بھی تیز ہوگیا ہے جن میں سے بیشتر کارکنان و ذمہ داران کو انتخابی دفاترسے گرفتار کیا گیا‘ سندھ کے دیگر علاقوں میں ہونیوالے بلدیاتی الیکشن میں ایم کیو ایم کو ناکام بنانے کیلئے بے ترتیب حلقہ بندیاں کی گئیں لیکن خدا کے فضل و کرم سے ہمارے خلاف اتحاد کرنیوالی کالعدم اور سیاسی جماعتوں کے امیدواروںکی ضمانتیں ضبط کروادی ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین عارف خان ایڈووکیٹ‘ عبدالحسیب ‘حق پرست رکن سندھ اسمبلی سید سردار احمد اور وسیم اختر ان کے ہمراہ تھے‘ ہماری بلدیاتی سرگرمیوں کو ناکام بنانے کی کوشش کی جارہی ہے‘ یکم نومبر سے اب تک 77 بے گناہ کارکنان کو قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں نے گرفتار کیا ہے جس میں ڈسٹرکٹ ایسٹ ‘لانڈھی‘ کورنگی اور سائوتھ ڈسٹرکٹ کے اکثریتی کارکنان اور ذمہ داران شامل ہیں‘ رینجرز اہلکاروں کی جانب سے ہمارے انتخابی بینرز اور پرچم اتارے جارہے ہیں لیکن اس قسم کے اقدامات سے ایم کیو ایم کی سیاسی آزادی شدید متاثر ہورہی ہے‘ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہماری شکایات کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی جس کے بعد ہم نے سینیٹ ‘قومی و صوبائی ایوانوں سے استعفے واپس لئے تھے اور انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کیا تھا لیکن ہمارے بلدیاتی امیدواران اور بلدیاتی سرگرمیوں میں مصروف کارکنان کی گرفتاریاں حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی تمام یقین دہانیوں کی نفی ہے۔ ہم اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو بھی خط لکھ رہے ہیں اور ڈی جی رینجرز سندھ سے بھی اپیل کررہے ہیں کہ وہ اس سازش کو سمجھیں اور بلدیاتی انتخابات کیخلاف سازش کو ناکام بنائیں‘ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف ‘وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان‘ وزیراعلیٰ سندھ اور ڈی جی رینجرز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کراچی میں انتخابات سے قبل امن و امان خراب کرنے کی سازشوں کا قلع قمع کرنے کیلئے اقدامات کریں۔

Tags: