پرائیویٹ سیکٹر میں حج سستا کرنے کیلئے ہوم ورک شروع

November 23, 2015 3:05 pm0 commentsViews: 28

مالی طور پر مضبوط اور بہتر تجربے کے حامل حج آرگنائزز کو ہی کوٹہ دیئے جانے کی تجویز زیر غور ہے
پرائیویٹ حج کوٹہ فروخت کرنے کی شکایات دور کرنے کیلئے وزارت حج نے تجاویز مانگ لیں
کراچی( یو پی پی) وزارت مذہبی امور نے پرائیوٹ سیکٹر کے ذریعے حج پر جانے والے حجاج کرام کے نظام کو فول پروف بنانے، پرائیویٹ حج کو سستا کرکے سرکاری اخراجات کے برابر لانے اور حج گروپ آرگنائزیشن کی چھانٹی کرنے سمیت دیگر اصلاحات کیلئے ابتدائی سطح پر ہوم ورک شروع کر دیا ہے۔ اسی طرح حج گروپ آرگنائزرز کی تعداد کو کم کرکے صرف مالی طور پر مضبوط اور بہتر تجربے کے حامل گروپ آرگنائزرز کو ہی حج کوٹا دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اس وقت پہلے سے موجود740 حج گروپ آرگنائزرز کام کر رہے ہیں جبکہ2200 مزید حج گروپ آرگنائزرز پرائیوٹ سیکٹر میں حج کیلئے کام کرنے کے خواہش مند ہیں، اور اس کیلئے وزارت مذہبی امور کو درخواستیں دے رکھی ہیں۔ پرانے حج گروپ آرگنائزر کا کوٹا رواں سال حج آپریشن کے بعد ختم ہو چکا ہے، ان کا کوٹا بحال کرنے یا نیا کوٹا الاٹ کرنے کے بارے میں وزارت مذہبی امور مشاورت سے فیصلہ کرے گی جبکہ نئے حج گروپ آرگنائزرز کو کوٹا الاٹ کرنے اور پرائیوٹ حج کوٹا فروخت کرنے کی شکایات دور کرنے کیلئے بھی وزارت نے تجاویز مانگ لی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ حاجی اور حج گروپ آرگنائزرز کے درمیان معاہدے کی تفصیلات کو بھی بہتر بنانے کیلئے فارمولا تیار کیا جائے گا۔

Tags: