صحافی پر حملے میں ملوث ملزم ساتھی سمیت گرفتار ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

November 23, 2015 3:30 pm0 commentsViews: 16

گلشن معمار ے کے علاقے احسن آباد میں پولیس نے کارروائی کرکے ملزمان یونس اور جاوید کو حراست میں لے لیا
ملزمان نے گلبرگ میں نجی ٹی وی کے بیوروچیف ملک منور پر فائرنگ کی تھی، سنگین جرائم کے مقدمات میں مطلوب تھے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) تیموریہ پولیس نے گلشن معمار میں کارروائی کرکے نجی ٹی وی چینل کے بیورو چیف ملک منور اور ان کے بیٹے پر قاتلانہ حملے میں ملوث مرکزی ملزم کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔ تیموریہ تھانے کے ایس ایچ او عرفان نے پولیس پارٹی کے ہمراہ گلشن معمار کے علاقے احسن آباد میں کارروائی کرکے دو ملزمان یونس اور جاوید کو گرفتار کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق یونس نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ7 نومبر کو گلبرگ بلاک12 میں سینئر صحافی اور نجی چینل کے بیورو چیف ملک منور اور ان کے بیٹے پر فائرنگ کی تھی جو خوش قسمتی سے محفوظ رہے تھے۔ ملزم یونس کا20 رکنی گروہ مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم سمیت سنگین جرائم میں ملوث ہے اور متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ تیموریہ پولیس کی جانب سے مذکورہ کارروائی ہفتے کو کی گئی تھی تاہم گرفتاری ابھی ظاہر نہیں کی گئی۔ پولیس ملزمان کے خلاف مقدمات کا ریکارڈ بھی جمع کر رہی ہے۔

لیاقت آباد سے ملزم گرفتار، اسلحہ بر آمد
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے شریف آباد پولیس کی کارروائی ایک ملزم گرفتار، اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد، تفصیلات کے مطابق آج صبح شریف آباد پولیس نے لیاقت آباد میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم نعمان کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ ، گولیاں، موبائل فون اور نقدی بر آمد کر لی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ۔ SHO شریف آباد سید رفیق الحسن نے بتایا کہ ملزم کو دوران پیٹرولنگ گرفتار کیا ہے۔ جبکہ ملزم کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے ہیں۔ ان کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

حب ‘غیر قانونی طور پر ایران جانے
والے12 افراد گرفتار کرلئے گئے
حب( یو پی پی) ایف آئی اے کی زیرو پوائنٹ کے مقام پر قائم چیف پوسٹ پر گوادر جانے والی کوچز سے بنا سفری دستاویزات سفر کرنیوالے 12 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ گرفتار افراد گوادر کے راستے غیر قانونی طور پر ایران جانے کی کوشش کررہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ گرفتار ہونیوالوں میں سے زیادہ کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے۔

پاک کالونی میں چار افراد کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا
مقدمہ انسپکٹر خالد کی مدعیت میں نامعلوم افراد کیخلاف درج کیا گیا ہے، گینگ وار گروپوں میں تصادم ہوا تھا
کرا چی (کرائم رپورٹر ) پاک کالونی پولیس نے 4 افراد کے قتل اور 5 افراد کے زخمی کیے جانے کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا۔تفصیلات کے مطابق پاک کالونی پولیس نے پرانا گولیمار ولی مراد ولیج میں گزشتہ ہفتے کے روز گینگ وار کارندوں کے تصادم کے دوران ہلاک و زخمی ہونے والے افراد کے واقعہ کا مقدمہ الزام نمبر 254/2015 بحق سرکار سب انسپکٹر خالد کی رپورٹ پرقتل اور اقدام قتل کی دفعہ 302 اور 324/34 کے تحت نامعلوم ملزموں کے خلاف درج کرلیا،سب انسپکٹر خالد کے مطابق مذکورہ مقدمے کی تفتیش ایس آئی یو پولیس کے حوالے کردی گئی ہے،واضح رہے کہ مذکورہ تصادم لیاری گینگ وار کے دو گروپوں عزیر جان بلوچ اور نور محمد عرف بابا لاڈلہ کے کارندوںکے درمیان ہوا تھا ،جس کے نتیجے میں 4افراد ہلاک اور5 افراد زخمی ہوئے تھے،جبکہ ہلاک ہونے والے تین افراد کی لاشیں تاحال ایدھی سردخانے میں رکھی ہوئی ہیں۔

سرجانی میں11 ماہ کی بچی کو قتل کرنے والاسفاک باپ گرفتار
گھر میں بیوی سے تلخ کلامی کے بعد کمسن بچی کو تشدد کرکے قتل کر دیا تھا، مقتولہ بچی کو سپرد خاک کر دیا گیا
کراچی (کرائم رپورٹر)سرجانی ٹاؤن پولیس نے گیارہ ماہ کی بیٹی کے قتل کا مقدمہ باپ کے خلاف درج کرلیا جبکہ بچی کو مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن پولیس نے گیارہ ماہ کی بیٹی کو قتل الزام میں گرفتار ملزم عمران کے خلاف قتل کا مقدمہ الزام نمبر620/2015بچی کی ماں ثمرین کی رپورٹ پر درج کرلیا ،واضح رہے کہ ملزم نے گزشتہ ہفتہ کو گھر میں مبینہ طور پر بیوی سے تلخ کلامی کے بعد بیوی کو تشدد کانشانہ اور اپنی گیارہ ماہ کی بیٹی کو تشدد کانشانہ بنا کر قتل کردیا تھا ،پولیس نے ملزم کو واقعے کے فورا بعد ہی گرفتار کرلیا تھا،بعدازاں بچی کی نماز جنازہ علاقے کی مسجد میں ادا کئے جانے کے بعد مقامی قبرستان میں آہوں سسکیوں میں تدفین کردی گئی ہے۔

پولیس کا اڈے پر چھاپہ6 جواری گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر)سکھن کے علاقے بھینس کالونی روڈ نمبر نو میں علاقہ پولیس کی سرپرستی میں چلنے والے جوئے کے اڈے پر ڈی آئی جی ایسٹ آفس میں تعینات ڈی ایس پی طارق سعید ،سب انسپکٹر لیاقت ودیگر پولیس نفری نے ڈی آئی جی کے حکم پر چھاپہ مارکر وہاں سے 6 جواریوں کو گرفتار کرکے دائو پر لگی رقم 10 ہزار اور آلات قماربازی کا سامان برآمد کرکے سکھن پولیس کے حوالے کردیا،تاہم فوری طورپر ڈی آئی جی کی جانب سے محکمہ جاتی کارروائی علاقہ تھانیدار کے خلاف عمل میں نہیں لائی گئی۔

پولیس کارروائیاں54ملزمان
گرفتار‘6مارے گئے
کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 54ملزمان کوگرفتاراور 6جرائم پیشہ افراد کو ہلاک کیا گیا ،گرفتارملزمان کے انکے قبضے سے اسلحہ منشیات اور دیگرسامان برآمدکرلیا۔کراچی پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس نے ایسٹ ،ویسٹ اور ساؤتھ میں کارروائیاں کرتے ہوئے 45چھاپے اورتین مقابلوں کے دوران54ملزمان کوگرفتارکیا جبکہ 6ہلاک ہوئے ،گرفتار ملزمان میں منشیات ایکٹ، قتل ، اقدام قتل، اسلحہ ایکٹ سمیت دیگر دفعات میں نامزد ملزمان شامل ہیں ملزمان کے قبضے سے تین کلاشنکوف سمیت مختلف اقسام کے 13ہتھیاراور بھاری مقدار میں منشیات اور شراب کی بوتلیں برآمد کیں۔

 

Tags: