امام حسین کے چہلم پر مجالس اور جلوسوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت

November 23, 2015 3:40 pm0 commentsViews: 20

جلوسوں کے روٹس اور پارکنگ ایریا پر چیک سمیت ممکنہ حساس علاقوں میں گشت اور اسنیپ چیکنگ بڑھائی جائے
داخلی اور خارجی راستوں پر کڑی نظر رکھی جائے، بلند عمارتوں پر اسنائپر تعینات کیے جائیں، غلام حیدر جمالی
کراچی(اسٹاف رپورٹ)چہلم حضرت امام حسین کے موقع پرسیکیورٹی کے فول پروف اقدامات یقینی بنائے جائیں‘آئی جی سندھ۔کراچی پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیئے کے مطابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے ہدایات جاری کیں ہیں کہ چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر رینج‘ڈسٹرکٹس‘ زونز کی سطح پر مجالس‘جلوسوں کی ویڈیو ریکارڈنگ اقدامات کے ساتھ ساتھ مجالس کے مقامات جلوسوں کے روٹس اور پارکنگ ایریاز کی کڑی نگرانی سمیت ممکنہ حساس علاقوں میں پولیس گشت ، اسنیپ چیکنگ ، پکٹنگ اور ایڈوانس انٹیلی جینس کلیکشن و بروقت شیئرنگ کی بدولت جرائم کے خلاف چھاپہ مار کاروائیوں کو مربوط اور موُثر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام مجالس کے مقامات اور جلوسوں کے روٹس کی مسلسل نگرانی کے علاوہ بم ڈسپوزل اسکواڈ سے ٹیکنیکل سوئپنگ اسکیننگ اور کلیئرنس کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں سے مستحکم رابطوں کے تحت چہلم کے مرکزی جلوسوں کے راستوں پر انر اور آوٹرکی بنیاد پر سیکیورٹی ترتیب دیکر چیکنگ اور کڑی نگرانی کے جملہ اقدامات کو غیر معمولی بنائے اور ساتھ ہی جلوسوں کے روٹس سے تجاوزات،لاوارث یا اچانک خراب ہںوجانیوالی گاڑیوں کو بھی فوری طور پر ہٹانے کے لئے تمام تر اقدامات کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ چہلم والے روز کراچی کے تینوں زونز سے برآمدہونیوالے چھوٹے بڑے جلوسوں، مجالس سمیت تمام مساجد، امام بارگاہوں، مدارس کی سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ مرکزی جلوس کے روٹس پر منتخب کی گئیں بلند عمارتوں سے روف ٹاپ ڈپلائمنٹ اور اسنائپرز کی تعیناتیوں کے تحت سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات بھی کئے جائیں۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ چہلم کے موقع پر پولیس کمانڈوز، ریزرو‘اینٹی رائٹس پلاٹونز، اسپیشل برانچ، کرائم برانچ، سی ٹی ڈی، ایس آئی یو‘سی آئی اے اور تھانہ پولیس کی مجموعی تعداد کے علاوہ کراچی کے مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لئے اضافی نفری کو بھی خصوصی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی جلوس کے روٹس کے اطراف میں دونوں جانب کی عمارتوں کی سرچنگ اور اسکیننگ کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے۔

Tags: