بنگلہ دیش میں پاکستان کے حامیوں کو پھانسی دینے کیخلاف دھرنا

November 23, 2015 3:56 pm0 commentsViews: 21

پاک مسلم الائنس کے تحت نظریہ پاکستان ریلی پریس کلب تک نکالی گئی
حسینہ واجد بھارت نواز حکمران ہے، بنگلہ دیشی حکومت نے انسانی حقوق کی پامالی کی ہے، مقررین کا خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاک مسلم الائنس کے تحت بنگلہ دیش میں نظریہ پاکستان کے حامیوں کو پھانسی دیئے جانے کیخلاف اتورا کو نظریہ پاکستان ریلی نکالی گئی جو کراچی پریس کلب پہنچی جہاں ریلی کے شرکاء نے دھرنا بھی دیا ‘ اس موقع پر مظاہرین اور ریلی کے شرکاء بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد کیخلاف نعرے بازی کررہے تھے‘ جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے ریلی کی قیادت الائنس کے صدر ایس ایم فاروق‘ خرم شہزاد‘ عطا اللہ و دیگر کررہے ہیں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ملک بھر میں بنگالی زبان بولنے والے نظریہ پاکستان سے محبت کرتے ہیں‘ حسینہ واجد بھارت نواز حکمران ہے اس کی نا انصافی اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر کوئی خاموش نہیں رہ سکتا‘ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی پامالیوں پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے‘ مقررین نے کہا کہ چوہدری صلاح الدین قادر اور علی حسن مجاہد کو پھانسی دینا نظریہ پاکستان کیخلاف سازش ہے۔