ہم سب وحید مراد کے قاتل ہیں ،ہدایت کار سعید رضوی

November 23, 2015 3:58 pm0 commentsViews: 61

وحید مراد چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ ہیں ،انور اقبال، مرزا وقار بیگ کی رہائش گاہ پر برسی پر اظہار خیال
کراچی (کلچرل رپورٹر) لوورز آف وحید مراد کی جانب سے بانی و چیئرمین مرزا وقار بیگ نے اپنی رہائش گاہ پر وحید مراد کی 32ویں برسی منائی جس میں فلمساز اور ہدایتکار سعید رضوی ، اداکار انور اقبال، اداکار قیصر مستانہ ، اداکار ہنی خان ، پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹ کے صدر عبدالوسیع قریشی، پرویز مظہر ، وسیم خان، غفران خان ، جی ایم خیلوی، کامران قیصر، میزبان مرزا وقار بیگ اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پرعبدالوسیع قریشی نے وحید مراد کے لئے دعائے مغفرت کروائی۔ سعید رضوی نے کہا کی فلم انڈسٹری نے وحید مراد کی قدر نہ کی، ہم سب وحید مراد کے قاتلوں میں شامل ہیں۔وحید مراد قدرتی صلاحیتوں کے مالک تھے اور پیدائشی ہیرو تھے۔ اداکار قیصر مستانہ نے کہا کہ وحید مراد کی فلم اولاد میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کیا،32برس ہوگئے وحید مرادکو گزرے ہوئے میںان کو بھلا نہ سکا ۔ اداکار انور اقبال نے کہا کہ وحید مراد کو مرحوم کہنا صرف اس لئے ضروری ہے کہ وہ اﷲکی رحمت میں چلے گئے ورنہ حقیقت یہ ہے کہ وہ اپنے لاکھوں چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ و تابندہ ہیں، وحید مراد جیسا منفرد اور چارمنگ ہیرو نہ پہلے تھا، نہ اب ہے اور نہ کبھی آئے گا۔سینئر صحافی پرویز مظہر نے کہا کہ وحید مراد کی وفات کے بعد فلم انڈسٹری کا زوال شروع ہوگیا ، وحید مراد عوام کے پسندیدہ ہیرو تھے۔ عبدالوسیع قریشی نے کہا کی وحید مراد جیسا گانا پکچرائز کروانے والا فنکا ر پورے ایشیا میں نہیں ہے، وحید مراد کو بھارتی اداکار بھی کاپی کرتے تھے۔مرزا وقار بیگ نے کہا کہ وہ ہر سال وحید مراد کی سالگرہ اور برسی کا اہتمام کرتے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، دوست احباب اور فنکاروں کا مشکور ہوںجو شرکت کرنے آئے۔اداکار ہنی خان نے کہا کی وحید مراد ایک باصلاحیت اداکار ہی نہیں بلکہ فلمساز اور ہدایتکار بھی تھے انہیں موسیقی کی بھی سوجھ بوجھ تھی، مرزا وقار بیگ کی لائبریری میں جو ریکارڈ موجود ہے یہ کسی اثاثے سے کم نہیں ہے، حکومتی سطح ُپر وحید مراد لائبریری کو سپورٹ کرنا چاہئیے۔

Tags: