پاکستان اور پختونوں کا پیسہ دبئی منتقل ہو گیا، عمران خان

November 23, 2015 3:57 pm0 commentsViews: 23

کرپٹ ، سیاست دان اپنی چوری چھپانے کیلئے اکٹھے ہو گئے، انکا مقابلہ اکیلا کروں گا، اجتماع سے خطاب
صوابی( خبر ایجنسیاں) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور پختونوں کا پیسہ دبئی منتقل ہوگیا ہے۔ کرپٹ سیاستدان اپنی چوری چھپانے کیلئے اکٹھے ہوگئے ہیں۔ ان کا مقابلہ اکیلا کروں گا۔ اور قوم کا پیسہ واپس لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو صوابی میں عوامی جمہوری اتحاد پارٹی کی طرف سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب پاکستان کے مغربی علاقے پر رحم کریں اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے سب سے چھوٹے روٹ مغربی روٹ کو مکمل کریں، چین نے اپنے پسماندہ علاقے کی ترقی کیلئے راہداری منصوبہ بنایا۔ آپ بھی اپنے مغربی علاقے کی خوشحالی کیلئے اقدام کریں۔ اکنامک کوریڈور سے صرف پنجاب کو نہ نوازیں، آپ کا یہ اقدام وفاق کو کمزور کرنے کے ساتھ ساتھ پنجاب کیلئے نفرتیں پیدا کریگا۔ پاک چین راہداری منصوبے کے مغربی روٹ کی تعمیر سے بلوچستان، خیبر پختونخوا اور سندھ کے پسماندہ علاقوں میں روزگار کے موقع پیدا ہونگے اور خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جو علیحدگی کی تحریکیں ہیں وہ دم توٹ جائیں گی، اور بلوچستان پاکستان سے جڑ جائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی بجلی کا انتظام صوبائی حکومت کے حوالے کر دیں۔ صوبائی حکومت صوبے سے لوڈ شیڈنگ ختم کرد ے گی۔ بجلی چوری کو کنٹرول کیا جائے۔ عمران خان نے کہا کہ اقتدار میں آکر پاکستان کو مثالی ملک بنائینگے۔

Tags: