بدین میں شکست سندھ کابینہ میں ردوبدل ہوگا، پی پی رہنمادبئی طلب

November 24, 2015 4:02 pm0 commentsViews: 29

بدین ضلع میں پیپلزپارٹی کی قیادت اور آئندہ2برس کے لیے پارٹی اور حکومتی پالیسیوں میں تبدیلی کی جائے گی
بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد چیئرمین شپ کے ا یم این ایز ،ایم پی ایز اور وزراء کی رسہ کشی نے بھی پارٹی کو امتحان میں ڈال دیا
کراچی( نیوز ڈیسک) بلدیاتی انتخابات میں بدین سے شکست کے بعد پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے متعلقہ ضلع کی قیادت میں تبدیلی، سندھ میں ردو بدل اور آئندہ 2 برس کیلئے پارٹی اور حکومتی امور کے حوالے سے از سر نو پالیسی ترتی دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔ اس ضمن میں پی پی پی کے شریک چیئر مین نے مشاورت کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ اور دیگر رہنمائوں کو منگل کو دبئی طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں بلدیاتی اداروں کی چیئر مین شپ کے بارے میں فیصلے بھی متوقع ہیں۔ با خبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع بدین میں ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے ہاتھوں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی شکست کا سابق صدر مملکت و پیپلزپارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری سے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے پارٹی قیادت سے وضاحت طلب کرلی ہے۔ معاملے کا جائزہ لینے اور دیگر متعلقہ امور پر مشاورت کیلئے انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو منگل کو دبئی بلایا ہے۔ اس اجلاس میں ایم این اے فریال تالپور، صوبائی وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ، سینیٹر عبدالرحمن ملک بھی دبئی میں ہونے والے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اجلاس میں بدین کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو شکست کی وجوہات اور آئندہ کے لائحہ عمل خصوصاً ضلع کونسل کی جن 4 یونین کونسلوں اور2 ٹائون کمیٹیوں پر الیکشن ملتوی ہوگئے تھے،۔ ان پر انتخابات کے حوالے سے موثر پالیسی ترتیب دینے پر غور کیا جائے گا۔ دوسری جانب اندرون سندھ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی کے بعد ضلع کونسلوں اور دیگر بلدیاتی انتخابات کی چیئر مین شپ کیلئے پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے کے متعلقہ اضلاع کے ایم این ایز، ایم پی ایز، صوبائی وزراء، سابق اراکین اسمبلی کے درمیان اپنے اپنے خاندانوں اور گھرانوں کو نوازنے کیلئے جاری رسہ کشی نے بھی پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو بڑے امتحان میں ڈال دیا ہے۔

Tags: