رینجرز کا شہر کے کئی علاقوں میں آپریشن، منشیات کے اڈے مسمار

November 24, 2015 4:09 pm0 commentsViews: 23

آپریشن میں رینجرز کے نقاب پوش دستوں اور خواتین اہلکاروں کی بھی شرکت،ہتھیار اور منشیات بھی برآمد
ملیر لیاقت مارکیٹ کے قریب 3ملزمان پکڑے گئے، لیاقت آباد میں سیاسی تنظیم کے تین ٹارگٹ کلر اور بھتہ خور گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر)پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں پرانی سبزی منڈی،نیلم کالونی، کورنگی، لیاقت آباد اور لیاقت مارکیٹ میں ٹارگٹڈکارروائیاں کرتے ہوئے28 جرائم پیشہ کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیاجبکہ پی آئی بی میں منشیات فروشوں کے کئی اڈے مسمار کردیے گئے۔ تفصیلا ت کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ نے جرائم پیشہ اور منشیات فروشوں کی اطلاع پر پرانی سبزی منڈی کے مختلف علاقوں میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب ٹارگٹڈ آپریشن کیاگھر گھر تلاشی کے دوران 18جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرلیا جس میں منشیات فروش و دیگر جرائم میں ملوث ملزمان شامل ہیں، کارروائی کے دوران پرانی سبزی منڈی سے لیکر عیسیٰ نگری قبرستان تک محاصرہ کیا گیا تھا اور اس دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا گیا تھا اور کسی بھی شخص کو علاقے میں داخل یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی ، آپریشن میں رینجرز کے نقاب پوش دستے ، موٹرسائیکل اسکواڈ کے علاوہ خاتون اہلکاروں نے بھی حصہ لیا، رینجرز ترجمان کے مطابق رینجرز نے منشیات فروشو ںکے متعدد کمین گاہیں اور اڈے مسمار کرکے نذرآتش کردئیے ،ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے 23ہتھیار ،بھاری مقدار میں چرس اورشراب کی بوتلیں برآمدکرلی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ علاقے میں فیصل بلوچ ،زاہد بلوچ اور مینو نامی سمیت 10منشیات فروشوں کے اڈے قائم تھے ،۔دریں اثناء رینجرز کی ٹیم نے کلفٹن کے علاقے نیلم کالونی میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کاررروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 4دہشتگردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ،ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تفتیش کی جارہی ہے۔ادھررینجرز نے ملیر لیاقت مارکیٹ کے قریب کاررروائی کر تے ہوئے 3 افراد کوحراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جبکہ کورنگی اور لیاقت آباد میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے سیاسی تنظیم کے3 ٹارگٹ کلر وبھتہ خور کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمدکرلیا ، ترجمان کے مطابق گرفتار افراد سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔

Tags: